کسانوں کیلئے منظور کردہ فنڈس پر شیوسینا کی تنقید

   

ممبئی 18 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا نے آج اپنی پرانی حلیف بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وہ کسانوں کے لئے انتہائی معمولی فنڈس کی منظوری دے کر ریاست کے کسانوں کو مایوس کردیا ہے جوکہ غیر موسمی بارش کے سبب بُری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ گورنر مہاراشٹرا بھگت سنگھ کوشیاری نے ہفتے کے روز فی ایکر 8 ہزار روپئے زرعی زمین کے لئے اور ہارٹیکلچر اراضی کے لئے فی ایکر 18 ہزار روپئے کا بجٹ میں منظوری دی ہے۔ شیوسینا کے ترجمان ’سامنا‘ کے اداریہ میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی جوکہ مرکز میں بھی برسر اقتدار ہے، معمولی فنڈس منظور کرتے ہوئے ریاست کے کسانوں کو شدید مایوس کیا ہے جبکہ مہاراشٹرا کے کسان ایک بڑے پیاکیج کی اُن سے اُمید کررہے تھے۔ شیوسینا نے مطالبہ کیا ہے کہ خریف فصل کے لئے کسانوں کو فی ایکر 25 ہزار روپئے دیئے جائیں جوکہ غیر موسمی بارش کے سبب بُری طرح سے متاثر ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ شیوسینا نے جو این سی پی اور کانگریس کے ساتھ مل کر ایک اتحادی حکومت تشکیل دینے کوشاں ہیں، گورنر کی جانب سے منظور کئے گئے بجٹ کو ’’انتہائی معمولی‘‘ قرار دیا۔