منصوبہ بند طریقہ سے خریداری مراکز قائم کئے جائیں : ضلع کلکٹر نظام آباد
نظام آباد۔2 اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر نظام آباد ٹی ونئے کرشنا ریڈی نے کہا ہے کہ ضلع میں خریف سیزن کی فصل کے طور پر کسانوں کی جانب سے کاشت کی جانے والی دھان کی خریداری کا عمل شفاف طور پر انجام پانے کے لئے 5؍اکتوبرسے خریداری مراکز کسانوں کے لئے کھول دیے جائیں گے۔ ضلع کلکٹر مسٹر ونئے کرشنا ریڈی کلکٹریٹ کے منی کانفرنس ہال میںمتعلقہ محکموں کے عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کلکٹر نے ہدایت دی کہ جو مقامات پر فصل تیار ہو رہی ہے وہاں کسانوں کو بروقت سہولت فراہم کرنے کے لئے خریداری مراکز منصوبہ بند طریقہ سے قائم کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ہر خریداری مرکز میں کسانوں کو درکار تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ دھان کی خریداری مکمل شفافیت کے ساتھ ہو تاکہ کسانوں کو کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس مقصد کے لئے مناسب تعداد میں نمی ناپنے والے آلات، ترپالیں، حمالوں کی خدمات اور وزن کرنے کی مشینیں مراکز پر دستیاب رہنی چاہئیں۔ ضلع کلکٹر نے متنبہ کیا کہ وزن اور کٹوتی کے معاملے میں سخت احتیاط برتی جائے تاکہ کسانوں کو کسی نقصان کا سامنا نہ ہو۔ دھان کی خریداری مکمل ہونے تک عمل کی سخت نگرانی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو کسان معیاری پیمانوں کے مطابق دھان لائیں گے انہیں حکومت کی جانب سے اعلان کردہ مکمل امدادی قیمت دی جائے گی اور اس ذمہ داری کو افسران پوری دیانت داری سے انجام دینے کی ہدایت دی۔ضلع کلکٹر مسٹر ونئے کرشنا ریڈی نے زرعی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کسانوں کو اس بات کی ترغیب دیں کہ وہ معیاری، خشک اور صاف ستھرا دھان ہی مراکز پر لے آئیں۔ خریداری کے سلسلے میں کسانوں کی جانب سے کوئی شکایت موصول نہ ہو اس کے لئے محکمہ جاتی عملہ سرگرم کردار ادا کرے۔ دھان کی ترسیل کے لئے مناسب تعداد میں گاڑیاں فراہم کی جائیں اور خریدا گیا اناج بروقت ملوں تک پہنچایا جائے۔ خریدی گئی دھان کی ذخیرہ اندوزی کے لئے موزوں مقامات کا تعین کیا جائے اور بارش سے محفوظ رکھنے کے لئے ہر مرکز پر ترپال کا انتظام یقینی بنایا جائے۔اس اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر کرن کمار، ڈی ایس او اروند ریڈی، سیول سپلائز ڈی ایم سری کانتھ ریڈی، ضلع کوآپریٹو افسر سرینواس، زرعی افسر جے گووندو، مارکیٹنگ اے ڈی گنگوبائی اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔