نئی دہلی : کسانوں نے آج کہا کہ وہ کل بروز پیر سے اپنے تمام احتجاجی مقامات پر 24 گھنٹے کی بھوک ہڑتال کریں گے ۔ انہوں نے ہندوستانی شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ /23 ڈسمبر کو کسان دیوس کے موقع پر ایک وقت کا کھانا ترک کردیں ۔ کسانوں کی یہ بھوک ہڑتال سنگھو سرحد پر بھی شروع ہوگی ۔ دہلی کے سنگھو سرحد پر کسان تنظیموں نے اپنا ایک آئی ٹی سیل قائم کیا ہے جو گودی میڈیا کی فرضی خبروں کا مقابلہ کرے گا ۔ کسانوں کے احتجاج سے متعلق گودی میڈیا کی آن لائن کسی بھی غلط اطلاع اور گمراہ کن خبروں کا موثر جواب دینے کیلئے آئی ٹی سیل کام کرے گا ۔ یہ سیل دن رات کام کرتے ہوئے کسانوں کے احتجاج کو ناکام بنانے کی کوشش کو اجاگر کرے گا ۔ یہ آئی ٹی سیل 25 آن لائن اور 35 آف لائن والینٹرس پر مشتمل ہے ۔ کسان لیڈر نے کہا کہ ہماری تحریک کو کمزور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور اس احتجاج کو غلط روشنی میں پیش کیا جارہا ہے ۔