جدید زرعی قوانین کو فوری برخاست کرنے کا مطالبہ ، امبانی اور اڈانی کے اشارو ں پر کام کرنے کا مرکزی حکومت پر الزام
نظام آباد : یوم جمہوریہ کے موقع پر دہلی میں ٹراکٹر ریالی نکالنے والے کسانوں کی تائید میں آج ضلع کے مختلف مقامات پر ٹراکٹر ریالی کا انعقاد عمل میں لایا گیا سرکنڈہ میں سینئر کانگریسی قائد اربن کانگریس کے انچارج مسٹر طاہر بن حمدان کی قیادت یں ان کے آبائی مقام پر بڑے پیمانے پر ٹراکٹر ریالی نکالی گئی اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے طاہر بن حمدان نے کہا کہ دہلی میں گذشتہ 60 دنوں سے کسان زرعی بلوں کیخلاف احتجاج کررہے ہیں اور حکومت پر اس کا کوئی اثر نہیں ہورہا ہے لیکن کسان اپنے جائز مطالبات کی یکسوئی کیلئے تاریخ ساز ریالی نکال رہے ہیں اور ان کی تائید میں آج سرکنڈہ میں ایک ریالی نکالی گئی اس ریالی میں اطراف و اکناف کے سینکڑوں کسانوں نے اپنے ٹراکٹرس کے ساتھ ریالی میں پہنچ کر ضلع کے کسانوں سے اظہار یگانگت کیا ۔ طاہر بن حمدان نے کہا کہ کانگریس پارٹی کسانوں کیلئے اپنے دور میں بڑے پیمانے پر اقدامات کیا تھا مودی اقتدار میں آنے کے بعد امبانی ، ادانی کے اشاروں پر کام کرتے ہوئے کسان کو مالک سے مزدور بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے شہر کے مختلف مقامات پر بھی سی پی آئی ، سی پی ایم کی جانب سے ٹراکٹر ریالی کا انعقاد عمل میں لایا اس ٹراکٹر ریالی میں جے اے سی کے صدر بھاسکر ، سی پی آئی ایم کے گوردھن ، مجلس بچائو تحریک کے باسط و دیگر نے شرکت کی ۔ اور دہلی کے کسانوں سے اظہاریگانگت کیا گیا ۔
عادل آباد : زرعی جدید قانون بل کے خلاف کسانوں کی جانب سے جاری احتجاج کے پیش نظر کسانوں سے اظہار یگانگت پیش کرنے کی غرض سے مستقر عادل آباد میں یوم جمہوریہ کے موقع پر کانگریس کی جانب سے ’’ ٹریکٹر‘‘ ریالی کا اہتمام کیا گیا جو آج دوپہر مستقر عادل آباد کے کسان چوک سے درجنوں ٹریکٹر کے ذریعہ نکالی گئی ریالی شہر کے اہم شاہراہوں سے گشت کرتے ہوئے دیکھی گئی جس کی قیادت اے آئی سی سی رکن شریمتی جی سجاتا کررہی تھی ۔ اس موقع پر ضلع کانگریس پارٹی صدر مسٹر ساجد خان نے میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ تقریباً دو ماہ سے زراعت پیشہ افراد جدید زرعی قانون کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج منظم کئے ہوئے ہیں ۔ مرکزی حکومت کی جانب سے عائد کردہ قانون کسانوں کیلئے نقصاندہ ثابت ہورہا ہے ۔ عادل آباد ضلع کانگریس کمیٹی کی جانب سے کسانوں کی تائید وحمایت میں ’’ ٹریکٹر ‘‘ ریالی کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ اس موقع پر کانگریس قائدین نے مرکزی حکومت سے پُرزور مطالبہ کیا کہ وہ جدید عائد کردہ زرعی قانون بل کو واپس لیتے ہوئے ملک کے کسانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کریں ۔ اس ریالی میں مسٹر نرسنگ راؤ ، جابر احمد و دیگر موجود تھے ۔
نارائن پیٹ : نارائن پیٹ ضلع مستقر پر آج یوم جمہوریہ کے موقع پر مرکزی حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں اور کسانوں کے خلاف تین سیاہ قانون کے خلاف اپوزیشن جماعتوں جس میں کانگریس ، تلگودیشم ، سی پی آئی ، سی پی آئی ایم ایل کے علاوہ تمام بائیں بازو کی جماعتوں نے زبردست موٹر سیکل احتجاجی ریالی نکالی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی ضلع کلکٹریٹ پر پہنچی جہاں کلکٹریٹ کے سامنے دھرنا منظم کیا گیا ۔ اس ریالی اور جلسہ عام کو مخاطب کرتے ہوئے مختلف سیاسی پارٹیوں کے قائدین نے مرکزی حکومت کو انتباہ دیا کہ اگر سیاہ قانون واپس نہیں لئے جاتے ہیں تو پورے ملک کے کسان دہلی کا گھیراؤ کریں گے ۔ ریالی میں محتلف سلوگن لگائے گئے جس میں جئے جوان ، جئے کسان کے نعروں سے پورا شہر گونج رہا تھا ۔ تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے اپنے اپنے پارٹی کے پرچموں کے ساتھ شرکت کی ۔ اس دھرنے اور ریالی میں کانگریس سے بنڈی وینوگوپال ، تلگو دیشم گوپال یادو ، یانبا چودھری ، صراف اوم پرکاش ، سی پی آئی ایم اور سی پی آئی ایم ایل ، نیو ڈیموکریسی کے قائدین وینکٹ رام ریڈی ، کاشی ناتھ ، بی راجو ، کونڈنا ،انیش چاری ، بالراج ، حاجی ملنگ و دیگر قائدین نے شرکت کی ۔ اس موقع پر پولیس کا معقول بندوبست کیا گیا تھا ۔