وعدوں کی تکمیل پر کھلے مباحث کا چیلنج، کانگریس کو کمزور کرنے کی سازش
حیدرآباد۔ 14 فروری (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے ٹی آر ایس حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ کسانوں کی بھلائی میں ناکامی کے سبب خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی خودکشی کے معاملے میں تلنگانہ سرفہرست ہے۔ رئیتو بندھو اسکیم کا انتخابات سے قبل آغاز کیا گیا تھا لیکن حکومت کے تشکیل کے ساتھ ہی اسکیم پر عمل آوری روک دی گئی۔ ٹی آر ایس نے کسانوں کے ایک لاکھ روپئے تک کے قرض کی معافی کا وعدہ کیا تھا لیکن ایک بھی کسان کو فائدہ نہیں پہنچا۔ انہوں نے کسانوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل پر حکومت کو کھلے مباحث کے لیے چیلنج کیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کے سی آر حکومت شراب کی قیمت میں اضافہ کررہی ہے لیکن کسانوں کو پیداوار کی امدادی قیمت ادا کرنے میں ناکام ہے۔ کالیشورم سے 530 ٹی ایم سی پانی کی سربراہی کا اعلان کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کی تعمیر میں بڑے پیمانے پر دھاندلیاں ہوئی ہیں اور ابھی تک ایک ایکڑ اراضی کو بھی پانی سربراہ نہیں کیا جاسکا۔ انہوں نے کہا کہ مائی ہوم کمپنی کے رامیشور رائو نے بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن کے ہمراہ مرکزی وزیر پراہلاد جوشی سے ملاقات کی اس سلسلے میں ڈاکٹر لکشمن کو وضاحت کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر مائی ہوم کمپنی کے سربراہ کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر کشن ریڈی نے رامیشور رائو کی کانکنی کے وزیر سے ملاقات کا اہتمام کیا۔ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ میں کانگریس کو کمزور کرنے کے لیے ٹی آر ایس اور بی جے پی سازش کررہے ہیں۔