کسانوں کی طرز پر تاڑی تاسندوں کیلئے بیمہ اسکیم کا فیصلہ

   

حادثاتی موت پر 5 لاکھ روپئے، چیف منسٹر کے سی آر کا اعلان
حیدرآباد۔/2 مئی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں رعیتو بیمہ طرز پر تاڑی تاسندوں کیلئے گیتا کارمیکولا بیمہ اسکیم متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کسانوں کیلئے رعیتو بیمہ اسکیم پر تلنگانہ میں عمل آوری جاری ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تاڑی تاسندوں کی درخت سے سیندھی تاسنے کے دوران حادثاتی طور پر موت کی صورت میں 5 لاکھ روپئے راست طور پر ان کے ارکان خاندان کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے وزیر فینانس ہریش راؤ اور وزیر ایکسائیز سرینواس گوڑ کو اسکیم کے رہنمایانہ خطوط طئے کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے سکریٹریٹ میں جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اس موقع پر انہوں نے درختوں سے گر کر تاڑی تاسندوں کی حادثاتی موت پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہلوک تاسندوں کے افراد خاندان کی مدد کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ حکومت کی جانب سے افراد خاندان کو ایکس گریشیا کی ادائیگی میں تاخیر کو دیکھتے ہوئے حکومت نے کسانوں کی طرز پر انشورنس اسکیم متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت اندرون ایک ہفتہ بیمہ رقم افراد خاندان کو منتقل کردی جائے گی۔ چیف منسٹر نے متعلقہ وزراء اور چیف سکریٹری کو اس سلسلہ میں اقدامات کی ہدایت دی۔ر