کسانوں کی قرض معافی اسکیم پر 15 اگست سے قبل عمل آوری کو یقینی بنانے کے اقدامات

   

وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس ، چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔10جون۔(سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کسی بھی صورت میں 15 اگسٹ سے قبل کسانوں کے قرض معافی اسکیم پر عمل آوری کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں۔ چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی نے آج ڈپٹی چیف منسٹر و ریاستی وزیر فینانس مسٹر ملو بھٹی وکرمارک ‘ ریاستی وزیرزراعت ٹی ناگیشور راؤ ‘ چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ محترمہ شانتی کماری ‘ اسپیشل چیف سیکریٹری محکمہ فینانس مسٹر راما کرشنا راؤ کے علاوہ دیگر کے ہمراہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے کسانوں کے قرض معافی اسکیم کے آغاز کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دوران اجلاس عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ 2لاکھ روپئے تک کا قرض رکھنے والے کسانوں کی فہرست تیار کریں اور بینکوں سے بھی یہ تمام تفصیلات حاصل کرتے ہوئے اسکیم پر عمل آوری کے قد وخال تیار کئے جائیں۔انہوں نے عہدیداروں کو اس بات کی تاکید کی کہ وہ جلد از جلد اسکیم کا منصوبہ تیار کرتے ہوئے حکومت کو پیش کریں تاکہ حکومت انتخابات کے دوران کئے گئے ا پنے وعدہ کو پورا کرسکے۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم میں تمام مستحق کسانوں کو شامل کیا جائے اور کسی بھی ایسے کسان کو جو مستحق ہو اسے اسکیم سے محروم نہ رکھا جائے۔مسٹر اے ریونت ریڈی نے محکمہ فینانس کے عہدیداروں سے دریافت کیا کہ اسکیم پر عمل آوری کی صورت میں ریاست پر کتنا مالی بوجھ عائد ہوگا اس کی تمام تر تفصیلات پیش کی جائیں۔انہوں نے عہدیدارو ںکو مشورہ دیا کہ وہ منصوبہ کی تیاری کے دوران اس بات کا خیال رکھیں کہ اس اسکیم سے استفادہ کی قطعی تاریخ واضح کی جائے۔ انہوں نے عہدیداروں کو بتایا کہ حکومت نے کسانوں سے جو وعدہ کیا ہے اس کو پورا کرنے کے لئے 15 اگسٹ کا تعین کیا ہے اسی لئے اس اسکیم پر عمل آوری کے اقدامات ‘ رہنمایانہ خطوط کی تیاری فوری طور پر مکمل کی جائے ۔3