ریونت ریڈی اور سینئر قائدین کی شرکت، پرینکا گاندھی کی گرفتاری کی مذمت
حیدرآباد۔/5اکٹوبر، ( سیاست نیوز) اتر پردیش میں کسانوں کی ہلاکت اور کانگریس قائد پرینکا گاندھی کی غیر قانونی گرفتاری کے خلاف کانگریس پارٹی نے آج شام پیپلز پلازا سے نکلس روڈ تک موم بتیوں کے ساتھ احتجاجی مارچ منظم کیا۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کی قیادت میں سینکڑوں کی تعداد میں قائدین اور کارکنوں نے احتجاجی مارچ میں حصہ لیا جو مجسمہ اندرا گاندھی پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے اتر پردیش حکومت کو انتباہ دیا کہ وہ کسانوں کے احتجاج کو طاقت کے زور پر ختم کرنے کی سازش نہ کرے۔ مرکزی وزیر کے فرزند کی جانب سے کسانوں کو گاڑی سے روند دیا گیا لیکن مرکزی وزیر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے مرکزی وزیر اجئے مشرا کی کابینہ سے فوری برطرفی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ متنازعہ زرعی قوانین سے دستبرداری کے سوا مرکزی حکومت کے پاس کوئی چارہ نہیں ہے۔ کانگریس کے سینئر قائدین رکن اسمبلی سیتکا، سکریٹری اے آئی سی سی سمپت کمار، ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ، اے آئی سی سی ترجمان ڈی شراون، سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ، وینو گوپال، ونود ریڈی، سدھیر ریڈی، سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا، مل ریڈی رنگاریڈی، فیروز خاں، مہیلا کانگریس کی صدر سنیتا راؤ اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ ریالی کے دوران مرکز اور یو پی حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی گئی۔ مودی ہٹاؤ، یوگی ہٹاؤ اور دیش بچاؤ کے نعروں سے نکلس روڈ کا علاقہ گونج اٹھا۔ وزیر اعظم اور مرکزی وزیر داخلہ کے خلاف نعرہ بازی کی گئی۔ پارٹی قائدین نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پرینکا گاندھی کسانوں سے ملاقات کیلئے لکھیم پور جارہی تھیں لیکن پولیس نے کسی وارنٹ کے بغیر انہیں حراست میں لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ پرینکا گاندھی اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے کسانوں سے ملاقات کا حق رکھتی ہیں لیکن یوگی حکومت نے دستوری حق سے محروم کرنے کی کوشش کی ہے۔ قائدین نے کہا کہ پرینکا گاندھی اور کانگریس کی بڑھتی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ یہ اقدام آئندہ انتخابات میں یوگی حکومت کے زوال کا سبب بنے گا۔ر