کسانوں کے بعد سرکاری ملازمین کو خوش کرنے حکومت کی مساعی

   

حیدرآباد۔/28 جولائی، ( سیاست نیوز) کسانوں کو دو لاکھ روپئے تک قرض معافی کے ذریعہ خوش کرنے کے بعد ریونت ریڈی حکومت سرکاری ملازمین کو خوش کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت عنقریب سرکاری ملازمین کیلئے مہنگائی بھتہ ( ڈی اے ) کا اعلان کرے گی جو زیر التواء ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 15 اگسٹ کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی سرکاری ملازمین کے ڈی اے بقایا جات کی ادائیگی کا اعلان کریں گے۔ یکم اگسٹ کو منعقد ہونے والے کابینی اجلاس میں اس بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ اسی دوران حکومت کے مشیر وی نریندر ریڈی نے سرکاری ملازمین اور ٹیچرس کی تنظیموں کو تیقن دیا ہے کہ جلد ہی ڈی اے کی ادائیگی کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ ملازمین اور ٹیچرس کے نمائندے چیف منسٹر سے ملاقات کے خواہاں ہیں اور انہوں نے پروفیسر کودنڈا رام کے ذریعہ وقت حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔1