نارائن پیٹ کانگریس کمیٹی صدر کے شیوا کمار ریڈی کا کولم پلی کا دورہ ، کھلوں کا معائنہ ، فوری دھان خریدی کی اپیل
نارائن پیٹ : تلنگانہ کانگریس کمیٹی کی جانب سے کسانوں کے مسائل سے واقفیت حاصل کرنے کے لئے مواضعات کے دو روزہ پروگرام کے ایک حصہ کے طورپر نارائن پیٹ ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر مسٹر کے شیواکمار ریڈی نے نارائن پیٹ ضلع کے موضع کولم پلی کا دورہ کرتے ہوئے دھان کے کھیتوں میں کھلّوں کا معائنہ کیا جہاں اُنھوں نے کسانوں کے مسائل دریافت کئے ۔ اس موقع پر کسانوں نے بتایا کہ دھان کی کٹوائی کے پندرہ روز گذرجانے کے بعد بھی ریاستی حکومت نے ان کی فصلوں کو مناسب داموں پر خریدنے کا وعدہ پورا نہیں کیا جس کے سبب اُن کی دھان موسم کی خرابی کی وجہ سے خراب ہورہی ہے اور پندرہ دنوں سے کھلے آسمان کے نیچے پڑی ہوئی ہے ۔ بارش کے سبب دھان میں دوبارہ پودہ نکل آنے کے خدشات پیدا ہورہے ہیں ۔ اس موقع پر مسٹر شیوکمارر یڈی نے کہاکہ ریاستی حکومت اور مرکزی حکومت ڈرامہ بازی کرتے ہوئے کسانوں کا استحصال کررہی ہے ۔ انھوں نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طورپر کسانوں کے خون پسینہ سے کمائی گئی دھان کی خریداری کرے ۔ کسان اپنی فصلوں کی مناسب قیمتیں نہیں حاصل ہونے کے سبب اپنے ہی کھیتوں میں درخت سے لٹک کر اپنی جان دے رہے ہیں ۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ مرنے والے غریب کسانوں کو فوری امداد دی جائے اور ان کے دھان کو مارکٹ یارڈوں میں مناسب قیمت پر خریدی کاانتظام کرے ، بصورت دیگر ، کانگرس پارٹی ریاست گیر سطح پر زبردست پیمانے پر دھرنے اور احتجاجی پروگرام منظم کریگی ۔ اس موقع پر نارائن پیٹ ضلع کسان مورچہ کانگریس کمیٹی مسٹر محمد غوث ، حلقہ اسمبلی مکتھل کے انچارج مسٹر وائی سری ہری اور کانگریس ضلع ایس سی سیل صدر مسٹر گویند پلی راملو و دیگر موجود تھے ۔
