کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے کانگریس کا احتجاجی لائحہ عمل

   

7 مارچ کو گورنر سے نمائندگی، اضلاع میں جلسے منعقد کرنے ریونت ریڈی کا اعلان
حیدرآباد 3 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے تلنگانہ میں کسانوں کے مسائل پر احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کیا ہے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی صدارت میں کسان سیل کا اجلاس منعقد ہوا جس میں دھان کی عدم خریدی کے نتیجہ میں کسانوں کو درپیش مشکلات کا جائزہ لیا گیا۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ کے سی آر حکومت دھان کی خریدی کو یقینی بنانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ مرکز اور ریاست نے کسانوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے جس کے نتیجہ میں فصلیں تباہ ہورہی ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ کے سی آر نے نئی دہلی میں کسان قائد ٹکیٹ سے ملاقات کی لیکن اُنھیں تلنگانہ کے کسان یاد نہیں آئے۔ اُنھوں نے کہاکہ 5 مارچ کو کمشنر اگریکلچر سے ملاقات کرتے ہوئے یادداشت پیش کی جائے گی۔ 7 مارچ کو گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن سے ارکان مقننہ اور اہم قائدین ملاقات کرتے ہوئے کسانوں کی ابتر صورتحال سے واقف کرائیں گے۔ 13 مارچ کو کولّاپور میں ’’میرا گاؤں ۔ میری جدوجہد‘‘ کے عنوان سے کسانوں کا اجلاس منعقد ہوگا۔ ریونت ریڈی کے مطابق 20 مارچ کو کاماریڈی میں کسانوں کا جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں کسانوں کے مسائل پر تحریک التواء پیش کی جائے گی۔ اجلاس سے سکریٹری اے آئی سی سی ڈاکٹر چناریڈی، آل انڈیا کسان کانگریس کے نائب صدرنشین ایم کودنڈا ریڈی، انجن کمار یادو، مہیش کمار گوڑ، محمد علی شبیر، انویش ریڈی اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ ر