کسانوں کے ’ٹریکٹر مارچ‘ پر فیصلہ دہلی پو لیس کرے: سپریم کورٹ

   


عدالت کی جانب سے مودی حکومت کی سرزنش کسانوں کی کامیابی :کسان لیڈر

نئی دہلی :کسانوں کے 26 جنوری کو دہلی آنے کے معاملے پر سپریم کورٹ میں آج سماعت ملتوی ہو گئی ہے۔ سماعت کے د وران سپریم کورٹ نے یہ ضرور کہا کہ حکومت اس پر پہلے فیصلہ لے۔ چیف جسٹس ایس اے بوبڈے نے کہا کہ معاملہ پو لیس کا ہے، ہم اس پر فیصلہ نہیں لیں گے۔ ہم معاملہ فی الحال ملتوی کر رہے ہیں۔عدالت عظمیٰ کے ذریعہ کسانوں کو دہلی میں داخل ہونے جیسے معاملوں پر انتظامیہ کو فیصلہ لینے کے لیے کہے جانے پر کسانوں میں خوشی کا ماحول ہے۔ سپریم کورٹ میں آج ہوئی سماعت کو کچھ کسان لیڈران اپنی فتح قرار دے رہے ہیں۔ کسان لیڈر ستنام سنگھ پنّو کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کا ٹریکٹر ریلی کے معاملے میں مداخلت نہ کرنا کسانوں کی جیت ہے۔ پو لیس اور مرکزی حکومت اس مسئلہ پر کسانوں سے بات کرے، ہم پرامن طریقے سے اپنی ریلی نکالیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہم اپنی ریلی سے یوم جمہوریہ کی پریڈ کو متاثر نہیں کریں گے، ہم الگ علاقے میں اپنی ریالی نکالیں گے۔ اگر پولیس روکتی ہے تو بھی ہم ٹریکٹر ریلی نکالیں گے۔‘‘