نئی دہلی: دہلی بارڈرس پر جاری کسانوں کا مظاہرہ کسی صورت ختم ہوتا ہوا نظر نہیں آ رہا ہے۔ اس درمیان پولس نے کئی بار کوشش کی کہ دھرنا ختم ہو، لیکن متنازعہ زرعی قوانین کی واپسی کے مطالبہ پر قائم کسانوں نے پیچھے قدم نہیں کھینچے۔ اب ٹیکری بارڈر پر پولس کے ذریعہ لگایا گیا ایک پوسٹر سامنے آیا ہے جس میں ہندی اور پنجابی میں لکھا گیا ہے ’’قانونی تنبیہ، آپ سبھی کا یہاں اکٹھا ہونا غیر قانونی ہے۔ آپ کو متنبہ کیا جا رہا ہے، ورنہ آپ کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔‘‘یہ پوسٹر ٹیکری بارڈر پر لگایا گیا ہے جس کے بارے میں پتہ چلنے پر کسان لیڈروں نے سخت اعتراض ظاہر کیا ہے۔ کسان یونینوں نے ٹیکری بارڈر واقع دھرنے کے مقام پر دہلی پولس کی طرف سے لگائے گئے ان پوسٹروں پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح سے مظاہرین کو دھمکایا نہیں جا سکتا۔