نئی دہلی ۔ دہلی کی ایک عدالت نے آج فری لانس صحافی مندیپ پھونیا کی ضمانت منظور کردی ہے جنہیں دہلی پولیس نے سنگھو سرحد پر کسانوں کے احتجاج کے مقام سے گرفتار کیا تھا ۔ چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ ستویر سنگھ لامبا نے ضمانت کی درخواست کو منظوری دیتے ہوئے کہا کہ شکایت کنندہ ‘ متاثر اور گواہ سبھی پولیس اہلکار ہیں۔ ایسے میں اس بات کی کوئی گنجائش نہیں ہے کہ ملزم کسی بھی پولیس اہلکار پر اثر انداز ہوسکے ۔ پونیا کو پولیس نے ایک ایف آئی آر کے تحت اتوار کو گرفتار کیا تھا ۔ ان پر سرکاری ملازمین کے کام کاج میں رکاوٹ پیدا کرنے کا الزام بھی ہے ۔ جج نے کہا کہ جس واقعہ کا پولیس نے اپنے حوالہ دیا ہے وہ شام 6.30 بجے پیش آیا ہے جبکہ جو ایف آئی آر درج کی گئی ہے وہ دوسرے دن 1.21 بجے رات کی ہے ۔ جج نے کہا کہ ملزم ایک فری لانس صحافی ہے ۔ اس سے کوئی شئے برآمد کرنے کا امکان نہیں ہے اس لئے اسے مزید عدالتی تحویل میں رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا ۔ مندیپ کو 25 ہزار روپئے کے بانڈ پر ضمانت دی گئی ہے ۔