مرکز اور تلنگانہ حکومت کا کسانوں کو دھوکہ ،کودنڈا ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جنوری (سیاست نیوز) آل انڈیا کسان کانگریس نے 8 جنوری کو کسانوں کی تنظیموں کی جانب سے دیہی بھارت بند اپیل کی تائید کی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے آل انڈیا کسان کانگریس کے نائب صدر نشین ایم کودنڈا ریڈی نے کہا کہ 22 مختلف مطالبات کے تحت 12 کسانوں کی تنظیموں نے 8 جنوری کو ملک بھر میں دیہی علاقوں میں بند کا اعلان کیا ہے ۔ کانگریس پارٹی دیہی بھارت بند کی مکمل تائید کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت زرعی شعبہ اور کسانوں کے مسائل کی یکسوئی میں ناکام ہوچکی ہے۔ کسان اپنی پیداوار کی اقل ترین امدادی قیمت سے محروم ہیں۔ انہوں نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ وہ کسانوں کو اقل ترین امدادی قیمت فراہم کرنے پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے قرض معافی کا اعلان کیا گیا تھا لیکن آج تک ایک بھی کسان کو اسکیم سے فائدہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے کسانوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ ٹی آر ایس حکومت نے انتخابات سے قبل رعیتو بندھو اور رعیتو بیمہ اسکیمات کا اعلان کیا اور ایک لاکھ روپئے تک قرض کی معافی کا وعدہ کیا گیا ۔ حکومت وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ قرض کے بوجھ سے پریشان کسان خودکشی پر مجبور ہیں لیکن حکومت کو کسانوں کی بھلائی سے دلچسپی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ خودکشی کرنے والے کسانوں کے خاندانوں کا تحفظ کیا جائے ۔ انہوں نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ دیہی بھارت بند میں حصہ لے کر کامیاب بنائیں۔