کھمم کے وائرہ اسمبلی حلقہ میں جلسہ عام کا فیصلہ، 2 مراحل میں لاکھوں خاندانوں کو فائدہ
حیدرآباد 9 اگست (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ 15 اگست تک کسانوں کی قرض معافی اسکیم پر عمل آوری مکمل ہوجائے گی۔ کھمم میں مختلف ترقیاتی پروگراموں میں حصہ لینے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ کانگریس کے برسر اقتدار آنے سے ریاست میں اندراماں راج کے آغاز سے عوام مطمئن ہیں۔ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد کسانوں کے 2 لاکھ روپئے تک کے قرضہ جات کی معافی کا وعدہ کیا گیا تھا۔ 15 جولائی کو اِس سلسلہ میں جی او جاری کیا گیا اور 18 جولائی کو ایک لاکھ روپئے تک کے قرضہ جات معاف کئے گئے جس کے تحت 6983 کروڑ کی اجرائی عمل میں آئی۔ اُنھوں نے کہاکہ جولائی میں دوسرے مرحلہ کے تحت قرض معافی اسکیم کے تحت 6190.20 کروڑ جاری کئے گئے۔ اُنھوں نے بتایا کہ دیڑھ لاکھ روپئے تک کے قرض معافی کے لئے 16.29 لاکھ خاندانوں میں 12289 کروڑ کی اجرائی عمل میں آئی۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ 2 لاکھ روپئے تک قرض معافی اسکیم پر عمل آوری 15 اگست تک مکمل ہوجائے گی۔ اندراماں راج میں شفافیت کے ساتھ اسکیمات پر عمل کیا جارہا ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے بتایا کہ 15 اگست کو کھمم کے وائرہ اسمبلی حلقہ میں قرض معافی سے متعلق جلسہ عام منعقد ہوگا جس میں چیف منسٹر، ریاستی وزراء اور ارکان اسمبلی شرکت کریں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ وائرہ اسمبلی حلقہ سے 15 اگست کو قرض معافی اسکیم پر عمل آوری کی تکمیل کی جائے گی۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ کسانوں کی قرض معافی اُن کے لئے باعث افتخار ہے اور ریونت ریڈی نے اِسے ایک چیلنج کے طور پر قبول کیا تھا۔ ریاست کے کمزور معاشی حالات کے باوجود حکومت نے کسانوں سے کئے گئے وعدے کی تکمیل کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بجٹ میں زراعت اور اُس سے مربوط شعبہ جات کے لئے 72 ہزار کروڑ مختص کئے گئے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت نے آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل پر توجہ مرکوز کی ہے اور زیرتکمیل پراجکٹس کو آئندہ ایک سال میں مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔ 1