چیف منسٹر ریونت ریڈی کھمم میں آغاز کریں گے : وزیر زراعت
حیدرآباد 6 اگسٹ ( سیاست نیوز ) تلنگانہ میں کسانوں کیلئے قرض معافی کے تیسرے مرحلے کا 14 اگسٹ کو اعلان کیا جائیگا ۔ وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ نے آج کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی 11.50 لاکھ کسانوں کو فائدہ پہونچانے قرض معافی اسکیم کا اعلان کریں گے ۔ دو لاکھ روپئے تک کے قرض معاف کئے جائیں گے ۔ ناگیشور راؤ نے کہا کہ کھمم میں گوداوری کے پانی کو کھمم ضلع کیلئے جاری کرنے کے بعد چیف منسٹر یہ اعلان کریں گے ۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر زراعت نے کہا کہ قرض معافی کے معاملے میں عہدیداروں کی جانب سے ہر کسان تک رسائی حاصل کی جائے گی ان کی شکایات کا ازالہ کیا جائیگا ۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 17000 کسانوں کو قرض معافی میں مشکلات پیش آئیں۔ ان میں کچھ ٹکنیکل امور حائل تھے اور تقریبا 10 ہزار اکاؤنٹس کی شکایات کو دور کر دیا گیا اور قرض معافی کی رقومات ان میںمنتقل کردی گئیں۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں 30 ہزار اکاؤنٹس میں اسی طرح کا مسئلہ درپیش رہا ۔ جیسے ہی تیسرے مرحلے پر عمل کیا جائیگا اس طرح کے تمام مسائل کا جائزہ لے کر اس بات کو یقینی بنایا جائیگا کہ ان اکاؤنٹس میں قرض معافی کی رقم منتقل ہوجائے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت اس بات کو یقینی بنائیگا کہ تمام مستحق کسانوں تک قرض معافی کا فائدہ پہونچ سکے۔ ریتو بھروسہ پر عمل آوری کے تعلق سے وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت اس معاملے میں متعلقہ افراد کے علاوہ سماج کے مختلف طبقات کی رائے حاصل کر رہی ہے تاکہ کسی نتیجہ پر پہونچ سکے ۔