کسان لیڈر دلیوال کو طبی امداد پہونچانے کی ہدایت

   

حکومت پنجا ب کے اقدامات پر عدم طمانیت کا اظہار ۔ 31 ڈسمبر کو آئندہ سماعت

نئی دہلی : سپریم کورٹ نے 70 سالہ کسان لیڈر جگجیت سنگھ دلیوال کا علاج کرانے کا حکم دیا ہے ، جو زرعی پیداوار کی اقل ترین امدادی قیمت کی قانونی ضمانت اور دیگر مطالبات پر پنجاب ۔ہریانہ کھنوری سرحد پر ایک ماہ سے بھوک ہڑتال پر ہیں۔ عدالت نے پنجاب حکومت کے جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کرکے کل پھر سرزنش کی اور جواب کا ایک اور موقع دیا ۔جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس سدھانشو دھولیا کی خصوصی وکیشن بنچ نے توہین عدالت کی عرضی پر سماعت کرکے کہاہم پنجاب کے ڈی جی پی اور چیف سکریٹری کے حلف ناموں سے بالکل مطمئن نہیں ہیں۔بنچ نے دلیوال کو طبی امداد فراہم کرنے میں ناکامی پر پھر پنجاب حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ وقت ختم ہو رہا ہے ۔ اس بحران کو جلد ختم کرنے کی ضرورت ہے ۔ بنچ نے ریاست کے ڈی جی پی اور چیف سکریٹری کے علاوہ پنجاب کے ایڈوکیٹ جنرل گرومندر سنگھ کے دلائل سننے کے بعد کہاکہ ہم صرف یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ ہم 20 دسمبر کے حکم کی تعمیل کے سلسلے میں پنجاب کی کوششوں سے مطمئن نہیں ہیں۔ اس کیس کی اگلی سماعت 31 دسمبر کو مقرر کرکے بنچ نے کہا کہ فریقین کی رائے کے پیش نظر ہم طبی عدالت کے احکامات کی تعمیل کیلئے مزید وقت دینے کے حق میں ہیں۔