پٹنہ۔ 2 اگست (یو این آئی)زراعت کے مرکزی وزیر اور بی جے پی کے سینئر لیڈر شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ کسان ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور وزیر اعظم نریندر مودی کے کاشتکاری کو منافع بخش بنانے کے عزم کو دہراتے ہوئے پی ایم کسان یوجنا کے تحت اب تک 377000 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم براہ راست کے کسانوں کے کھاتوں میں منتقل کی جا چکی ہے ۔ آج پٹنہ میں وزیر اعظم کسان سمان ندھی یوجنا کی 20ویں قسط جاری کرتے ہوئے چوہان نے کہا کہ اس موقع پر کسانوں کے کھاتوں میں 20 ہزار کروڑ سے زیادہ کی رقم جمع کی گئی جس سے ملک بھر کے لاکھوں کسان خاندانوں کو مالی مدد فراہم کی گئی ہے ۔ سینئر بی جے پی لیڈر نے کسانوں، خاص طور پر بڑی تعداد میں موجود بہنوں کو مبارکباد پیش کی اور ان کی محنت اور تعاون کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ زراعت ہندوستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے ، کسان اس کی جان ہیں اور ان کی خدمت کرنا ان کی اولین ترجیح ہے ۔ چوہان نے فی ہیکٹر زرعی پیداوار میں اضافہ ، خاص طور پر کم پیداوار والے علاقوں میں پردھان منتری دھن دھنیہ یوجنا جیسی کوششوں پر زور دیا ۔