کسان کے بیٹے کا ملک کے نائب صدر جمہوریہ بننے میں اساتذہ کا اہم رول، وینکیا نائیڈو کا اعتراف، یوم اساتذہ تقریب سے خطاب

   

حیدرـآباد۔/5 ستمبر، ( سیاست نیوز) نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ایک کسان کے بیٹے کا ملک کے نائب صدر جمہوریہ کے عہدہ تک پہنچنے میں ٹیچرس کا اہم رول ہے۔ میرے خاندان میں کسی نے بھی اسکولی تعلیم کے بعد مزید تعلیم حاصل نہیں کی۔ میرے ٹیچرس نے مجھے اعلیٰ تعلیم کیلئے رہنمائی کی جس کے لئے میں تاحیات شکر گذار رہوں گا۔ اساتذہ کی رہنمائی کے نتیجہ میں آج میں اس عہدہ تک پہنچ پایا ہوں۔ نائب صدر جمہوریہ حیدرآباد میں اسوسی ایشن آف نیشنل بورڈ برائے مسلمہ ادارہ جات کے زیر اہتمام منعقدہ قومی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ سروے پلی رادھا کرشنن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہر سال ان کی یاد میں یوم اساتذہ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم اساتذہ کے موقع پر وہ ملک کے تمام اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ اساتذہ کی رہنمائی اور محنت کے نتیجہ میں طلبہ بہتر مستقبل کی سمت گامزن ہوسکتے ہیں۔ ہندوستان کی تاریخ میں استاد اور طالب علم کا رشتہ کافی مضبوط رہا ہے۔ انہوں نے اساتذہ کو مشورہ دیا کہ وہ سماج کیلئے قابل اور خدمت کا جذبہ رکھنے والے شاگرد تیار کریں۔ ملک میں طبی سہولتوں میں مزید اضافہ کی ضرورت ظاہر کرتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے کہا کہ دیہی علاقوں میں مزید طبی سہولتوں پر توجہ مرکوز کی جانی چاہیئے۔ انہوں نے ملک میں میڈیکل کالجس کی تعداد میں اضافہ کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یوم اساتذہ کافی مقدس ہے آج ہی کے دن ہندوستان کے پہلے نائب صدر جمہوریہ ڈاکٹر سروے پلی رادھا کرشنن کا جنم ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں پیشہ تدریس مقدس پیشہ ہے اور استاد کا مقام سماج کے تمام عہدوں پر فضیلت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تدریس ایسا فن ہے جو ہر کسی کے بس کی بات نہیں اس کو بہتر انداز میں ادا کرنا بھی ایک چیلنج ہے۔ R