لکھنو: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اتر پردیش کے کئی اضلاع میں یوریا کی کمی سے دوچار کسانوں کے حق میں آواز اٹھائی ہے۔ انہوں نے یوگی حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ یوریا کی قلت کو دور کرے۔ واضح رہے کہ ملک میں دھان کی کھیتی کا موسم چل رہا ہے، کئی مقامات پر دھان کی بووائی ہو چکی ہے جبکہ کچھ جگہ پر یہ کام جاری ہے۔ ایسے وقت میں کسانوں کو یوریا کی ضرورت ہوتی ہے لیکن کالا بازاری کے سبب یوریا کسانوں تک نہیں پہنچ پا رہی ہے۔پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’اترپردیش میں بہت ساری جگہوں پر یوریا کی کمی کی وجہ سے کسان پریشان ہیں۔ جگہ جگہ لائنیں لگی ہوئیں ہیں اور بیشتر کوآپریٹو کمیٹیوں پر یوریا ختم ہوچکی ہے۔ کاشتکار بلیک مارکیٹنگ سے پریشان ہیں۔ اترپردیش حکومت کو فوری مداخلت کر کے یوریا کی قلت کے مسئلہ کو حل کرنا چاہیے‘‘۔ اس کے ساتھ ہی پرینکا گاندھی نے ایک نیوز چینل سے لوگوں کی گفتگو کی ویڈیو بھی پوسٹ کی، جس میں کاشتکاروں کو یوریا نہ ملنے کی پریشانی کے بارے میں معلومات دی جا رہی ہیں۔