ہریش راؤ اور سبیتااندرا ریڈی کا دورہ
شمس آباد 31 اگست ( سیاست نیوز ) : شمس آباد منڈل موضع پالماکول میں کستوربا اسکول کی طالبات نے اساتذہ کے رویہ اور کھانے میں کیڑوں کی شکایت کرکے نیشنل ہائی وے پر احتجاج کیا جس کی ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوئی ۔ بی آر ایس ارکان اسمبلی ہریش راؤ اور سبیتا اندرا ریڈی نے آج کستوربا اسکول پالماکول کا دورہ کیا اور طالبات کے مسائل سے واقفیت حاصل کی ۔ ہریش راؤ نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے تمام گروکل اسکولس کستوربا اسکولس و میناریٹی ریسیڈنشیل اسکولس میں طلباء و طالبات کے ساتھ ٹیچرس کا غیر معیاری ہوگیا ہے ۔ جنوری سے اگست تک کے دوپہر کے کھانے کے بلز ابھی تک منظور نہیں کئے گئے ۔ جس کی وجہ سے پکوان کیلئے غیر معیاری اشیاء حاصل کرکے دوپہر کا کھانا فراہم کیا جارہا ہے ۔ کھانے میں کیڑے نکل رہے ہیں ۔ جنوری سے اب تک 500 سے زائد طلباء وطالبات کھانا کھاکر بیمار ہوئے اور 38 کی موت ہوچکی ہے ۔ کستوربا اسکول پالماکول میں ٹیچرس طالبات کو لکڑی سے مار کر ڈرا دھمکا کر کام بھی لیے جارہے ہیں ۔ تعلیم کا قلمدان خود چیف منسٹر کے پاس رہنے کے باوجود اسکولس کی حالت ابتر ہے ۔ ابھی تک ایک عہدیدار یا کلکٹر یا عوامی نمائندہ کانگریس نے اسکول کا دورہ نہیں کیا ۔ حکومت کو نیند سے بیدار ہونے کی ضرورت ہے اور پینڈنگ بلز فوراً منظور کئے جائیں ۔ طالبات سے انصاف کیا جائے ۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ گروکل ، میناریٹی ریسیڈنشیل اسکولس کے مسئلہ پر سوال کرنے پر حکومت نے خاموشی اختیار کرلی ۔ ٹیچرس کی کئی جائیدادیں خالی ہیں ان کو پر بھی نہیں کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ خالی جائیدادوں پر بھرتی کریں ۔ اس موقع پر کارتک ریڈی ، شنکر ریڈی ، چکردھر ریڈی ، ڈی سرینواس کے علاوہ دیگر بی آر ایس قائدین موجود تھے ۔۔