حکومت کی ناقص کارکردگی ، طلبہ سمیت غذا سے بار بار متاثر ، کے کویتا کا بیان
نظام آباد:11/ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع جگتیال کے سارنگاپور میں واقع کستوربا گرلز اسکول میں چھ طالبات کی اچانک طبیعت خراب ہونے کے واقعہ نے عوام کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اس واقعہ پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور بتایا کہ ہر روز ریاست کے کسی نہ کسی اسکول میں سمیت غذا کا واقعہ سامنے آ رہا ہے جو حکومت کی ناقص کارکردگی اور طلبہ کے لئے معیاری کھانے کی فراہمی میں ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔کویتا نے بتایا کہ ایسے واقعات سے سرکاری اسکولوں میں پڑھنے والے طلبہ کے والدین اور سرپرستوں کی تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ و وزیر تعلیم ریونت ریڈی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اورکہا کہ گزشتہ ایک سال میں انہوں نے ایک مرتبہ بھی ریاست کے کسی اسکولس کا دورہ نہیں کیا اور نہ ہی وہاں کے مسائل کا جائزہ لیا ہے۔کویتا نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی فوری طور پر فلاحی اسکولوں کا دورہ کریں۔ وہاں کے حالات کا جائزہ لیں اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے ضروری اقدامات روبہ عمل لائیں۔ انہوں نے بتایا کہ طلبہ کی صحت اور تعلیم کے معاملے میں کسی بھی کوتاہی کو ہرگزبرداشت نہیں کیاجا ئے گا۔حکومت کو فوری طور پر موثر اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ ان اسکولوں میں معیاری غذا کی فراہمی اور طلبہ کی صحت و سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے۔