کسٹمس عہدیداروں سے کم قیمت پر سونا دلانے کا جھانسہ، شاطر ملزم گرفتار

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔/5 اگسٹ، ( سیاست نیوز) ایرپورٹ کسٹمس عہدیداروں کے ذریعہ کم قیمت میں سونا دلانے کا جھانسہ لیکر ایک شکایت گذار سے لاکھوں روپئے لوٹنے والے دو ملزمین کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ سائبر آباد اسپیشل آپریشن ٹیم نے 33 سالہ اے سدھاکر اور 34 سالہ ناگرجنا ریڈی ساکنان کڑپہ کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 25 لاکھ 20 ہزار روپئے نقد رقم اور 4 تولہ طلائی چین کو ضبط کرلیا جس کی مالیت دو لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ اس سے بھی کم قیمت میں سونا دلانے کے بہانے ایک شہری سے ان ملزمین نے 6 لاکھ روپئے لوٹ لئے تھے۔ سدھاکر نے شکایت گذار ایس رام پرساد کو یقین دلایا کہ ایر پورٹ کے کسٹمس عہدیداروں سے اس کی جان پہچان ہے جو کم قیمت میں سونا فروخت کرتے ہیں۔ اپنی جعلسازی کا شکار بنانے کے بعد سدھاکر نے شکایت گذار کو ایرپورٹ طلب کیا اوراپنے ساتھی ساگر جنا ریڈی کو کسٹمس آفیسر کے طور پر پیش کیا۔19 جولائی 2021 کو شکایت گذار 32 لاکھ روپئے کی رقم لیکر آر جی آئی ایرپورٹ شمس آباد پہنچا جس کے بعد رقم حاصل کرلی گئی اور فون بند کردیا گیا اور دوسرے راستہ سے ایر پورٹ کے باہر آنے کے بعد سدھاکر نے ناگر جنا ریڈی کو ایک لاکھ روپئے حوالے کیا اور بیوی کیلئے 4 تولہ کی طلائی چین خریدنے کیلئے مزید 2 لاکھ روپئے دے کر وارانسی کیلئے روانہ ہوگیا۔ جہاں اس نے منت مانگی تھی کہ 30 لاکھ کا فائدہ ہونے پر 2لاکھ روپئے مندر کی ہنڈی میں ڈالے گا۔ چار تا پانچ دن گذرنے کے بعد وہ وارانسی سے حیدرآباد پہنچا اور حیدرآباد سے بذریعہ بس کڑپہ جانے کی کوشش میں تھا کہ پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔