ابوظہبی ۔ مسافروں کو سفر سے متعلق ہدایات دی گئی ہیں کہ پاسپورٹ میں معلومات درست اور واضح ہوں، نام اور پاسپورٹ ہولڈر کی تصویر صاف ہو، تحریف یا تبدیلی نہ کی گئی ہو۔ پاسپورٹ کی مدت ختم ہونے میں تین ماہ سے زائد کا عرصہ ہو جو کہ صرف عرب ملک کے سفر کے لیے ہے جب کہ غیر عرب ملک کے سفر کے لیے پاسپورٹ کے مؤثر ہونے کی مدت کم از کم 6 ماہ باقی ہو۔ کسی بھی خلیجی ملک کا سفر شناختی کارڈ پر نہیں کیا جا سکے گا اس کے لیے پاسپورٹ رکھنا ضروری ہے، فیملی کارڈ پر بھی بیرون ملک سفر کی اجازت نہیں ہوگی اس کے لیے بھی پاسپورٹ درکار ہوگا۔ متعلقہ ملک کے ویزے پر پابندی ہو تو ویزہ لیے بغیر سفر سے ہرگز نہ کریں۔ کورونا وبا کی صورتحال میں حفظان صحت کے ضوابط پر پابندی کی جائے۔ سعودی ایئرلائن نے 17 مئی سے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کر رکھا ہے، تاہم 20 ممالک کے سعودی عرب آنے پر پابندی ہوگی۔ سعودی عرب نے فروری میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر 20 ممالک پر سفری پابندی عائد کی تھی۔ جس میں امریکہ، ہندوستان ، پاکستان، برطانیہ، انڈونیشیا، مصر، جرمنی، جاپان، جزیرہ آئرلینڈ، اٹلی، ارجنٹائن، برازیل، پرتگال، ترکی، جنوبی افریقہ، سویڈن، سویٹذرلینڈ، فرانس اور لبنان شامل ہیں۔ سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ان 20 ممالک کے شہری سعودی عرب نہیں آسکتے، جب کہ ان ممالک میں موجود سعودی شہری پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ان ممالک پر پابندیاں برقرار رہیں گی جہاں کورونا کے باعث صورتحال خراب ہے۔