کسی بھی شعبہ کی ہنگامی حالات میں فراہم کردہ خدمات کی ستائش

   

’’ آپ کی خدمات کو ہمارا سلام ‘‘ پروگرام میں ریاستی وزیر بہبود کپولا ایشور کی شرکت

پداپلی ۔17مئی۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ریاستی وزیر بہبود کپولا ایشور نے کہا کہ موجودہ ہنگامی حالات میں بہترین خدمات انجام دینے والا عملہ قابل ستائش ہے۔ بروز ہفتہ پداپلی ضلع کے سرکاری جونئیر کالج میں “پوٹا لِنگما ٹرسٹ” کے زیر اہتمام زیڈ پی چیرمین پوٹا مدھو کی زیر صدارت منعقدہ ” آپکی خدمات کو ہمارا سلام” پروگرام میں وزیر موصوف نے ضلع کلکٹر کے ہمراہ شرکت کی. اس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بہبود نے کہا کہ کورونا وباء نہ صرف کسی علاقے’ کسی ضلع یا کسی ریاست تک محدود ہے بلکہ یہ خطرناک وباء ساری دنیا میں پھیلی ہوئی ہے اور خوف کا باعث بنی ہوئی ہے. انھوں نے کہا کہ موجودہ دور میں حالات ایسے ہوگئے ہیں کہ ہم کسی رشتہ دار کے انتقال پر بھی نہیں جا سکتے. ایسے صورت حال میں اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر عوام کو خدمات فراہم کررہے محکمہ پولس ‘ محکمہ طب اور صفائی عملہ کی خدمات واقعی قابل تحسین اور قابل فخر عمل ہے. وزیر موصوف نے کہا کہ کورونا وباء کو پھیلنے سے روکنے کے تحت ریاستی وزیر اعلیٰ جناب کے سی آر نے بطور احتیاط لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا تھا. جس کی موثر انداز میں عمل آوری میں محکمہ پولس کی کاوشیں قابل ستائش ہیں. وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں آشاورکرس’ ایاین ایم اور طبی عملہ نے ہر دن گھر گھر جاکر بخار کا سروے منعقد کیا اور قرنطینہ کئے گئے افراد کی روزآنہ طبی جانچ کی جو کہ قابل تعریف عمل ہے. انھوں نے کہا کہ موجودہ صورت حال میں موصول شدہ اطلاعات کے بموجب ہمیں اور کچھ عرصہ تک کورونا وائرس کے ساتھ جینا ہے. جس سے بچاؤ کے لئے احتیاط لازمی ہے. وزیر موصوف نے کہا کہ کووڈ۔ 19 وائرس پر قابو کے تحت آگے بڑھ کر عوام کی خدمت کر رہے عملہ میں کپڑوں کی تقسیم کر انھیں عزت بخشنا نہایت ہی قابل تقلید پروگرام ہے. انھوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے تحت حکومت کی جانب سے عمل پیرا اقدامات سے ثمر آور نتائج برآمد ہوئے ہیں. ملک کے دیگر ریاستوں کے مقابلے میں ہماری ریاست میں کچھ حد تک کورونا وائرس پر قابو پایا گیا ہے. صرف جی ایچ ایم سی کے چند علاقوں میں وائرس کا پھیلاؤ ہورہا ہے. انھوں نے اس وباء کے متعلق تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں اب تک 1454 کورونا مثبت کیسوں کا اندراج ہوا ہے جن میں صرف 30 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں. 70 فیصد سے زائد افراد ٹھیک ہوکر ڈسچارج ہوگئے ہیں. ہماری ریاست میں اموات کی تعداد نہایت ہی کم ہے اور ٹھیک ہونے کی شرح زیادہ ہے. سرکاری جونیر کالج میں “پوٹا لنگما ٹرسٹ” کے زیر اہتمام قائم کردہ بلڈ بنک کا وزیر موصوف نے معائنہ کیا جہاں پر 300 سے زائد افراد نے خون کا عطیہ دیا. ان حالات میں دیگر امراض میں مبتلاء￿ مریضوں کو درکار خون کی فراہمی کے لئے عطیہ دہندوں کو آگے آنے کی خاص کر کے ٹی آر کی درخواست پر عوام اور ٹی آر ایس نمائندوں کو آگے آنے کی وزیر موصوف نے ہدایت دی. اس پروگرام میں شریک زیڈ پی چیرمین پوٹا مدھو نے کہا کہ کورونا وباء سے نمٹنے میں پولیس ‘ ڈاکٹروں ‘ طبی عملہ’ اے این ایم’ صفائی عملہ کی کاوشیں قابل تعریف ہیں. ان کی خدمات کی نشاندہی کر حکومت کی جانب سے بھی انھیں اعزازیہ فراہم کئے جارہے ہیں. انھوں نے کہا کہ کچھ حد تک مدد کے تحت ان میں کپڑوں کی تقسیم عمل میں لائی جارہی ہے. “پوٹا لنگما” نام سے ٹرسٹ کا آغاز کیا گیا جس کی زیر صدارت انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کے ہمراہ بلڈ بنک کا قیام عمل میں لایا گیا جہاں پر 300 سے زائد افراد نے خون کا عطیہ دیا. انھوں نے مزید کہا کہ کورونا سے نمٹنے میں محکمہ مال ‘ برقی اور پنچایت راج کے عملہ نے بھی کافی محنت کی ہے. مستقبل میں ان کے اعزاز کے تحت بھی اسی طرح کا اعزازیہ پروگرام منعقد کیا جائیگا۔ ضلع کتب خانہ چیرمین رگھو ویر سنگھ’ پداپلی میونسپل چیر مین پوٹا شائیلاجا’ عوامی نمائندوںنے اس پروگرام میں شرکت کی۔