کسانوں کے راشن کارڈس منسوخ کرنے کی اطلاعات گمراہ کن، اکون سبھروال
حیدرآباد۔/6 مارچ، (سیاست نیوز) کمشنر سیول سپلائیز ڈاکٹر اکون سبھروال نے کہا کہ کسی بھی شہری کا راشن کارڈ منسوخ نہیں کیا جائے گا۔ 10ایکڑ سے زائد اراضی رکھنے والے اور حکومت سے رعیتو بندھو اسکیم کے ذریعہ فائدہ حاصل کرنے والے کسانوں کے راشن کارڈز کو منسوخ کرنے کے تعلق سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت یا سیول سپلائیز کی جانب سے ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیابلکہ یہ ایک گمراہ کن اطلاع ہے۔ انہوں نے واضح کردیا کہ اس خصوص میں سیول سپلائیز ڈپارٹمنٹ نے کسی قسم کے کوئی احکامات جاری نہیں کئے۔ ساتھ ہی انہوں نے شہریوں کو اطمینان دلایا کہ ایسی اطلاعات سے خوف کا شکار نہ ہوں ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے ایسا کوئی اقدام کیا ہے اور نہ ہی ایسی کوئی سوچ رکھتی ہے بلکہ یہ راشن کارڈزدہندگان کو اشیاء فراہمی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ڈاکٹر اکون سبھروال کمشنر سیول سپلائیز نے بتایا کہ حالیہ دنوں سیول سپلائیز کی جانب سے 3 لاکھ 50 ہزار افراد کیلئے نئے راشن کارڈز جاری کئے گئے۔ انہوں نے کسانوں کے راشن کارڈز کو منسوخ کرنے کی باتوں کو بے بنیاد قرار دیا اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ایسی افواہوں پر یقین نہ کریں۔