نئی دہلی 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے آج واضح کردیا کہ وہ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں کسی بھی جماعت کے لئے انتخابی مہم نہیں چلارہے ہیں۔ واضح رہے کہ منگل کو مدھیہ پردیش کانگریس ترجمان پنکج چترویدی نے کہا تھا کہ پارٹی قائدین نے مذکورہ اداکار سے اندور میں انتخابی مہم چلانے کے لئے اُن سے بات کرلی ہے اور اداکار نے اِس کے لئے حامی بھی بھردی ہے۔ تاہم سلمان خان نے آج ٹوئیٹ کرتے ہوئے واضح کردیا کہ ’’افواہوں اور قیاس آرائیوں کے برعکس وہ نہ تو کسی پارٹی کے لئے انتخابی مہم چلائیں گے اور نہ ہی وہ انتخابات میں حصہ لیں گے‘‘۔ قبل ازیں 2009 ء میں اداکار نے اندور کے میئر انتخابات میں پنکج سنگھوی کیلئے مہم چلائی تھی۔تاہم اُنھیں شکست ہوگئی۔