کسی دن ہم بی جے پی کو اکھاڑ پھینکیں گے ‘ شیوسینا کا عہد

,

   

ہم نے اس وقت بی جے پی کی مدد کی جب اس کے موجودہ قائدین ابھی بچے تھے ۔ پارٹی ترجمان سامنا کا اداریہ

ممبئی 19 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا میں اقتدار کی رسہ کشی کے دوران شیوسینا نے سابق حلیف جماعت بی جے پی پر اپنے ترجمان اخبار سامنا میں تنقید کی ہے ۔ اخبار کے اداریہ میں کہا گیا ہے کہ مہاراشٹرا سے در اصل ہٹ دھرمی کی سیاست کے خاتمہ کا آغاز ہوگا ۔ کہا گیا ہے کہ ہم آپ ( بی جے پی ) سے وعدہ کرتے ہیں کہ ہم ایک دن آپ کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گے کیونکہ آپ نے ہمیں چیلنج کیا ہے ۔ شیوسینا نے این ڈی اے سے شیوسینا کی علیحدگی کے مسئلہ پر بھی بی جے پی کو نشانہ بنایا ہے اور کہا کہ یہ فیصلہ این ڈی اے کے اجلاس کے بغیر کیا گیا ہے ۔ پارٹی نے کہا کہ کسی تبادلہ خیال کے بغیر ایسا فیصلہ کرلیا گیا ۔ سامنا میں سوال کیا گیا کہ وہ ( بی جے پی ) کون ہوتے ہیں ہمیں این ڈی اے سے باہر کریں۔ ہم نے ہندوتوا کی تائید اس وقت کی تھی جب بی جے پی کے کئی قائدین پیدا بھی نہیں ہوئے تھے ۔ شیوسینا نے حالیہ وقتوں میں بی جے پی کے خلاف تنقیدوں میں مزید شدت پیدا کردی ہے اور مسلسل نشانہ بنانے میں لگی ہوئی ہے ۔ پارٹی نے بی جے پی کا تقابل محمد غوری سے بھی کیا جنہوں نے پرتھوی راج چوہان کو ہلاک کیا تھا ۔ پارٹی نے کہا کہ ہم نے بھی وہی غلطی دہرائی ہے جو پرتھوی راج چوہان نے کی تھی ۔ چوہان نے محمد غوری کو 17 مرتبہ شکست دینے کے بعد بھی زندہ رہنے کی اجازت دی تھی ۔ اس کے نتیجہ میں محمد غوری طاقتور ہی ہوا اور اس نے 18 ویں مرتبہ کامیابی حاصل کرتے ہوئے چوہان کو جیل میں بھیج دیا اور انہیں اذیتیں دیں۔ پارٹی نے کہا کہ شیوسینا نے ایسے ہی ناشکرگذار افراد کو معاف کیا ہے اور اب وہی لوگ ہماری پیٹھ میں چھرا گھونپ رہے ہیں۔ پارٹی نے راجیہ سبھا میں شیوسینا ارکان کی نشستوں میں تبدیلی پر بھی برہمی کا اظہار کیا ہے ۔ شیوسینا نے کہا کہ جب این ڈی اے کی میٹنگ نہیں ہوئی تو ہماری نشستوں میں تبدیلی کا فیصلہ کس نے کیا ہے ؟ ۔ پارٹی نے کہا کہ شیوسینا نے این ڈی اے قائم کرنے بی جے پی کی تائید اس وقت کی تھی جب بی جے پی کے کئی قائدین ابھی بچے ہی تھے ہونگے ۔