کسی سے اچھا سلوک آئی پی ایل کے معاہدے کی ضمانت نہیں:لکشمن

   

نئی دہلی۔15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے سابق بیٹسمین وی وی ایس لکشمن نے آسٹریلیا کے سابق کپتان مائیکل کلارک کے اپنے حالیہ دعووں کو مضحکہ خیر قراردیا جس میں کلارک نے کہا تھا کہ آسٹریلیائی کرکٹرز نے آئی پی ایل کے معاہدوں کی حفاظت کرنے کیلئے ہندوستان کے کپتان ویراٹ کوہلی کے خلاف فقرے بازی (سلیجنگ) نے کی جس پر لکشمن نے کہا کہ کسی کے ساتھ اچھا سلوک کرنا آئی پی ایل کے معاہدے کی ضمانت نہیں۔آسٹریلیائی سابق کپتان کلارک کے دعویٰ کرنے کے بعد متعدد گوشوں سے سوال اٹھائے جارہے کیونکہ کلارک نے کہا کہ ہند۔ آسٹریلیا سیریز کے دوران ایک ایسا مرحلہ آیا جب آسٹریلیائی کرکٹر اپنے آئی پی ایل معاہدوں کو بچانے کے خواہاں تھے جس کی وجہ سے وہ ہندوستان کے کپتان کوہلی اور ان کے ساتھیوں کی سلیجنگ سے خوفزدہ تھے۔لکشمن ، جو آئی پی ایل کی ٹیم سن رائزرس حیدرآباد کے مشیر بھی ہیں ، انہوں نے اسٹار اسپورٹس کو اس کے شو کرکٹ کنکٹیڈ میں کہا کہ کسی کے ساتھ اچھا سلوک کرنے سے آپ کو آئی پی ایل میں جگہ نہیں مل پاتی ۔کوئی بھی فرنچائز ٹیم کے کھلاڑی کی صلاحیت اوراس قدر کو دیکھے گی جو میچ یا ٹورنمنٹ کی کامیابی میں مطلوبہ نتائج فراہم کرتی ہے۔ یہ ہی وہ کھلاڑی ہیں جن کو آئی پی ایل کے معاہدے ملتے ہیں۔ لہذا کسی ہندوستانی کھلاڑی کے ساتھ اچھا سلوک کرنا کسی کو آئی پی ایل میں جگہ نہیں دے پائے گا۔134 ٹسٹ مقابلوں کے تجربہ کار لکشمن نے بطور مشیر جب نیلامی کی میز پر تھے تو اپنے ان تجربات کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر ان کھلاڑیوں کی طرف دیکھا جاتا ہے جو اپنے ملک کے لئے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ کسی بھی ہندوستانی کھلاڑی سے دوستی کرتے ہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ کو آئی پی ایل کا معاہدہ مل جائے گا۔ بحیثیت مشیر میں نیلامی کی میز پر تھا اور ہم کھلاڑیوں کو منتخب کرتے وقت ان کھلاڑیوں پر توجہ مرکوز کرتے ہیں جو بین الاقوامی کھلاڑی جنہوں نے اپنے ملک کے لئے غیر معمولی کھیل کا مظاہرہ کیا اور فرنچائز کیلئے اہمیت پیدا کرسکتے ہیں۔ ہندوستان کے سابق اوپنرکرشناماچاری سری کانت نے بھی کلارک پرتنقید کی اور ان کے دعویٰ کو مضحکہ خیز قرار دیا۔ سریکانت جو 1983 میں ورلڈ کپ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کا حصہ تھے انہوں نے کہا کہ میچ سلیجنگ سے نہیں جیتا جاتا۔انہوں نے کہا کہ آپ صرف سلیجنگ کے ذریعے میچ نہیں جیتتے۔اپنے وقت کے جارحانہ کھلاڑی سریکانت نے کہا کہ سلیجنگ کسی بھی طرح سے مقابلے میں مدد نہیں دے سکتی۔اگر آپ ناصر حسین یا سر ویوین رچرڈز سے پوچھیں جو تجربہ کار کھلاڑی ہیں تو آپ کبھی بھی رنز نہیں بناسکتے ہیں اور نہ ہی سلیجنگ کے ذریعے وکٹ حاصل کرسکتے ہیں۔