اقوام متحدہ : وزیراعظم نریندر مودی ہفتہ کو کہا کہ ہندوستان کی جانب سے کسی ملک کے تئیں دوستی کے اشارے کوئی تیسرے ملک کے خلاف دشمنانہ روش نہیں ہوتی ۔ وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جب ہندوستان کسی ملک کے ساتھ اپنی ترقیاتی شراکت داری کو مضبوط کرتا ہے تو اس کا مقصد شراکت دار ملک کو مجبور بنانا نہیں ہوتا ۔ مودی نے یو این جنرل اسمبلی کے 75 ویں سیشن سے ویڈیو پیام کے ذریعہ خطاب میں کہا کہ اس مرتبہ عالمی قائدین نے کورونا وائرس وبا کے سبب سالانہ اجتماع کے لیے نیویارک کا سفر نہیں کیا ۔ انہوں نے ہندوستان کی ’’ پڑوس پہلے والی پالیسی ‘‘ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہند ۔ بحرالکاہل خطہ میں ان کے ملک نے ہمیشہ بنی نوع انسان کے مفادات کے لیے کام کیا ۔ انہوں نے پاکستان کا حوالہ دیئے بغیر اعادہ کیا کہ کوئی مخصوص ملک سے ہندوستان کی دوستی کسی تیسرے ملک کے خلاف نہیں ہوتی ’’ ہم نے ہماری ترقی کے تجربات کا تبادلہ کرنے میں کبھی پس و پیش نہیں کیا ‘‘ ۔ مودی نے کہا کہ ہندوستان نے پڑوس کا ہمیشہ خیال رکھا اور مشرق کی طرف بھی کافی پیشرف بھی کی ہے ۔ ہندوستان کی شراکت داریاں ہمیشہ مساوات کے حصول کے زیر اثر رہی ہیں ۔۔
