کسی ملک کو ’دلال‘بتانا غلط :گہلوت

   

جے پور، 26مارچ (یو این آئی) راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے پاکستان کو ’دلال‘قرار دینے والے بیان کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر خارجہ کو کسی ملک کیلئے ایسی زبان استعمال نہیں کرنی چاہیے ۔ گہلوت نے جمعرات کو جے پور ہوائی اڈے پر میڈیا سے گفتگو کے دوران بین الاقوامی صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے وزیر خارجہ کا یہ کہنا کہ وہ (پاکستان) دلال کا کام کر رہا ہے ، یہ بہت غلط ہے ۔ میں سمجھتا ہوں کہ کوئی وزیر خارجہ کسی ملک کیلئے ایسی زبان استعمال نہیں کرسکتا۔ اگر ان کی زبان پھسل گئی ہے تو الگ بات ہے اور انہیں اس پر معذرت کرنی چاہیے۔
، ورنہ ملک کے اندر ان کی سخت مذمت ہونی چاہیے ۔مسٹر اشوک گہلوت نے مزید کہا، “جب دنیا میں آگ لگی ہوئی ہے اور ہر ملک کو امن کے قیام کیلئے کوشش کرنی چاہیے ، ایسے خطرناک حالات میں آپ کہہ رہے ہیں کہ وہ دلالی کر رہا ہے ، یہ بات میری سمجھ سے باہر ہے ۔انہوں نے پاکستان کی حیثیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا، “اب جو صورتحال بنی ہے اس میں پاکستان ‘پنچایتی’ کر رہا ہے ۔ پاکستان کی کیا حیثیت ہے ؟ ہم نے 1965، 1971 اور کارگل کی جنگوں میں دیکھا ہے کہ اسے ہمیشہ منہ کی کھانی پڑی۔ آج جس طرح ‘آپریشن سندور’ میں ترکی ان کا ساتھ دے رہا تھا، اس قسم کے حالات کو سمجھنا چاہیے کہ کہاں ہندوستان ہے اور کہاں پاکستان۔ اس کے باوجود وہ سمجھوتے کی بات کر رہا ہے اور مذاکرات کروانے کا دعویٰ کر رہا ہے ۔سابق وزیر اعلیٰ نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لوگ اس بات پر فکرمند ہیں کہ ہماری پوزیشن پہلے کہاں تھی اور اب کہاں پہنچ گئی ہے ۔ انہوں نے اندرا گاندھی کے دور کی یاد دلائی جب 90 ہزار سے زائد پاکستانی فوجیوں اور افسران کو گرفتار کر کے ہندوستان لایا گیا تھا، اور موجودہ بین الاقوامی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔