کسی ملک کے خلاف جنگ نہیں چھیڑیں گے : حسن روحانی

   

تہران ۔ 18 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ ان کا ملک کسی ملک کے خلاف جنگ نہیں چھیڑے گا۔ انہوں نے یہ بات منگل کے روز اپنے خطاب میں کہی ، یہ خطاب براہ راست سرکاری ٹی وی پر نشر کیا گیا۔ جمعرات کے روز خلیج عمان میں دو تیل بردار جہازوں پر حملے کے بعد سے ایران اور امریکہ کے درمیان تصادم کے حوالے سے اندیشے بڑھ گئے ہیں۔ مذکورہ حملے کے حوالے سے امریکہ نے ایران کو موردالزام ٹھہرایا ہے۔دوسری جانب یورپی یونین میں خارجہ پالیسی کی رابطہ کار فیڈریکا موگرینی کا کہنا ہے کہ یمن، شام اور دیگر علاقوں میں ایران کی مداخلتیں ’’غیر مثبت‘‘ہیں۔العربیہ نیوز چینل کے ساتھ گفتگو میں موگرینی نے ایران کے ساتھ کشیدگی میں اضافے پر یورپی یونین کی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ’’ ہم اس وقت حالات کو پرسکون بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں‘‘۔ موگرینی نے مزید کہا کہ ابھی تک ایران نے ہماری توقعات کے مطابق نیوکلیئر معاہدے کی پاسداری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کی آئندہ رپورٹ کا انتظار ہے۔