ممبئی:مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے نے اتحاد کو لے کر بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے جمعہ کو کہا کہ کوئی بھی اشتہار بھارتیہ جنتا پارٹی-شیو سینا اتحاد کو کمزور نہیں کر سکے گا اور گزشتہ ایک سال سے جو تلخی پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی اسے ختم کر دیا گیا ہے۔ حال ہی میں شیوسینا اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کچھ لیڈروں کے درمیان اخبارات میں شائع ہونے والے ایک صفحے کے اشتہار کو لے کر الزامات اور جوابی الزامات سامنے آئے تھے۔اشتہار میں شندے کو مہاراشٹر میں وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے بی جے پی لیڈر اور نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس سے بہتر انتخاب بتایا گیا ہے۔ منگل کو ریاست کے سرکردہ اخبارات میں شائع ہونے والے ایک اشتہار میں وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ شندے کی تصویریں ہیں اور ایک سروے کا حوالہ دیا گیا ہے جس میں دعوی کیا گیا ہے کہ شندے مقبولیت میں فڑنویس سے آگے ہیں۔