حیدرآباد۔30اگسٹ(سیاست نیوز) فون محفوظ نہ ہونے اور فونوں کی سرکاری سطح پر نگرانی کے بعد اب ٹیلیگرام کے استعمال میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ ٹیلیگرام کے استعمال کنندگان میں اضافہ ہونے لگا ہے اور اس کی وجہ فون کی نگرانی قرار دی جا رہی ہے۔ ملک کی کئی ریاستوں میں حکومت کی جانب سے فونوں کی نگرانی کی اطلاعات کے بعد اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے بھی فون یا واٹس ایپ کے بجائے اب ٹیلیگرام کے استعمال کے رجحان میں اضافہ دیکھا جانے لگا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ گذشتہ تین ماہ کے دوران عہدیداروں میں ٹیلیگارم کے استعمال کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے اور اس اضافہ کی بنیادی وجہ فون کو محفوظ تصور نہ کیا جانا ہے۔ پیگاسس کے بعد فون کالس کی خفیہ سماعت اور کال ریکارڈنگ کو دیکھتے ہوئے کئی عہدیداروں نے فون پر بات چیت کا سلسلہ ترک کردیا ہے اور وہ اب واٹس ایپ جس طرح سے چیک کیا جاتا تھا اسی رفتار سے ٹیلیگرام کو چیک کرنے لگے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق کئی عہدیدارو ںکی جانب سے محفوظ سوشل میڈیا ‘ میسیجنگ اور رابطہ کے ایپس ڈاؤن لوڈ کئے جانے لگے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ ان ایپ کے ذریعہ رابطہ کو وہ محفوظ تصور کررہے ہیں۔ واٹس ایپ اور فون کے استعمال کو ترک کرنے والوں میں کئی اہم شخصیات شامل ہیں جو کہ موجودہ حالات میں کسی بھی طرح کی نگرانی یا خفیہ سماعت کا حصہ بننا نہیں چاہتے اسی لئے وہ ٹیلیگرام کے ذریعہ رابطہ میں رہنے کی کوشش کررہے ہیں۔