کسی کو اقتدار سے بیدخل کرنا ہمارا ایجنڈہ نہیں ہونا چاہئے : کے ٹی آر

   

اپوزیشن پر کسی ( مودی ) کو اقتدار سے بیدخل کرنے کا جنون
ملک کو درپیش بنیادی مسائل پر ہم سمجھوتہ نہیں کریں گے

سید خلیل قادری
حیدرآباد 25 جون : بی جے پی سے بی آر ایس کی قربتوں کی اطلاعات اور اپوزیشن اتحاد کی کوششوں سے دوری کے دوران ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و چیف منسٹر کے سی آر کے فرزند کے ٹی راما راؤ نے آج ایک معنی خیز ریمارک کیا کہ اپوزیشن کو صرف کسی کو اقتدار سے بیدخل کرنے اور کسی دوسرے کو اقتدار پر فائز کرنے کا جنون ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد کا ایجنڈہ کسی کو اقتدار سے بیدخل کرنا نہیں ہونا چاہئے ۔ حالانکہ کے ٹی آر نے مرکز کی بی جے پی حکومت کا نام نہیں لیا ہے تاہم ملک کی اپوزیشن جماعتیں اسی مقصد کے تحت اتحاد کی کوشش کر رہی ہیں کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت کو اقتدار سے بیدخل کیا جاسکے ۔ اپنے دو روزہ دورہ دہلی سے واپسی سے قبل ایک ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی سے مقابلہ بنیادی اور اہمیت کے حامل مسائل پر ہونا چاہئے ۔ تاہم ایسا لگتا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو کسی ( مودی ) کو اقتدار سے بیدخل کرنے کا جنون چڑھا ہوا ہے ۔ واضح رہے کہ بی آر ایس نے چیف منسٹر بہار نتیش کمار کی دعوت پر پٹنہ میں ہوئے اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں شرکت نہیں کی تھی اور انہیں ایام میں کے ٹی راما راؤ نے دہلی کا دورہ کرتے ہوئے کئی مرکزی وزراء سے ملاقاتیں کی ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ بی جے پی سے بی آر ایس نے قربتیں بڑھانی شروع کردی ہیں اور ریاست میں کانگریس کے امکانات میں بہتری کے آثار اور شراب اسکام میں ایم ایل سی کے کویتا کے خلاف کارروائی کے اندیشوں کے تحت بی آر ایس سربراہ چندر شیکھر راؤ نے اپنی حکمتع ملی میں تبدیلی لائی ہے ۔ اسی تبدیلی کے تحت کے سی آر حکومت نے مرکزی وزراء کے اجلاسوں کے بائیکاٹ کا سلسلہ بھی ختم کردیا ہے ۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ان کی پارٹی ملک کیلئے فلاح و بہبود کے بنیادی مسئلہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی صرف انہیں جماعتوں سے اتحاد کرے گی جن کا مشترکہ ایجنڈہ ملک کے عوام کی بہتری ہو۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بی جے پی کے خلاف لڑائی ملک کو درپیش بنیادی اصولوں کی بنیاد پر ہونی چاہئے ۔ تاہم یہاں مسئلہ الگ ہو رہا ہے ۔ اپوزیشن ایسا لگتا ہے کہ کسی کو اقتدار سے بیدخل کرنے اور کسی کو اقتدار پر فائز کرنے کے جنون کا شکار ہیں اور اسی کیلئے فکرمند ہیں۔ تاہم کسی کو اقتدار سے بیدخل کرنا ہمارا ایجنڈہ نہیں ہونا چاہئے ۔ ہمارا ایجنڈہ ملک کی بنیادی ترجیحات کو بہتر بنانے کا ہونا چاہئے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ آپ کو کسی کے خلاف متحد نہیں ہونا چاہئے ۔ کسی مقصد کے تحت متحد ہونا چاہئے اور یہ مقصد کیا ہے اس کا پتہ نہیں چل رہا ہے ۔ واضح رہے کہ بی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے چند ماہ قبل ہی اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے مختلف ریاستوں کا دورہ کیا تھا ۔ انہوں نے ممتابنرجی ‘ اکھیلیش یادو ‘ نتیش کمار اور دیگر قائدین سے بات بھی کی تھی تاہم جب سے شراب اسکام میں کے کویتا کا نام شامل ہوا ہے ان کی حکمت عملی میں تبدیلی آگئی ۔ اپوزیشن اتحاد میں ممتابنرجی ‘ اکھیلیش یادو ‘ نتیش کمار ‘ شرد پوار سبھی شامل ہیں لیکن کے سی آر نے ان تمام سے دوری اختیار کرلی ہے ۔ بی آر ایس نے دو سال بعد مرکزی وزراء کے اجلاسوں کا بائیکاٹ بھی ختم کردیا ہے اور اپنے موقف میں نرمی بھی پیدا کرلی ہے ۔