نئی دہلی: سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کی کورونا ویکسین پالیسی کو صحیح بتایا ہے۔ مگر ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ کسی بھی شخص کو ویکسین لینے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا۔ سپریم کورٹ نے یہ باتیں ویکسین کے ڈیٹا اور ویکسین کو لازمی قرار دینے کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہیں۔ ساتھ ہی سپریم کورٹ نے حکومت سے کلینیکل ٹرائلز کا ڈیٹا بھی جاری کرنے کیلئے کہا ہے۔سپریم کورٹ نے اس بات پر برہمی کا اظہار کیا کہ کچھ ریاستی حکومتیں ٹیکہ نہیں لگوانے والوں کو عوامی مقامات پر داخلہ نہیں دے رہی ہیں ۔ عدالت نے اسے غیر منصفانہ قرار دیا۔ ساتھ ہی ریاستوں کو اس طرح کی پابندیوں کو ہٹانے کا مشورہ بھی دیا۔ تاہم عدالت نے یہ بھی کہا کہ حکومت پالیسی بنا سکتی ہے اور عوام کی بھلائی کے لیے کچھ شرائط رکھ سکتی ہے۔ سپریم کورٹ کے مطابق ویکسین کی موجودہ پالیسی کو غیر منصفانہ اور واضح طور پر من مانی نہیں کہا جا سکتا ہے ۔