کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دینگے :یوگی

   

گورکھپور :چیف منسٹر اترپردیش آدتیہ ناتھ نے گورکھناتھ مندر میں جنتا درشن میں آئے عوام سے ملاقات کی اور کہا کہ وہ کسی سے ناانصافی نہیں ہونے دیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ ہر مظلوم کے مسائل حل کئے جائیں گے اور ہر کسی کو انصاف ملے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہر ایک کے مسائل کا فوری، معیاری اور شفاف حل یقینی بنایا جائے ۔عوامی درشن میں آدتیہ ناتھ خود فریادیوں کے پاس پہنچے اور سبھی کے مسائل سنے۔ انہوں نے تقریباً 300 افراد سے ملاقات کی۔عوام کی درخواستوں کو متعلقہ حکام کے حوالے کرکے فوری اور تسلی بخش ازالے کی ہدایات دیں اور عوام کو یقین دلایا کہ حکومت ہر متاثرہ کے مسائل حل کرنے تیار اور پرعزم ہے ۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ ہر متاثرہ شخص کے ساتھ حساس رویہ اپنائیں اور ان کے مسائل حل کرکے انہیں مطمئن کریں۔ اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔زمینی تنازعہ کی شکایات پر یوگی نے کہا کہ اگر تنازعہ خاندانی ہو تو متعلقہ فریقین کے درمیان بات چیت کرائی جائے اور بات نہ بننے پر قانونی کاروائی کی جائے ۔ اگر کوئی دبنگ کسی کی زمین پر غیر قانونی قبضہ کررہا ہے تو اسے کے خلاف سخت کاروائی کی جائے ۔ریونیو و پولیس سے متعلق معاملات کو انہوں نے پوری شفافیت و غیر جانبداری کے ساتھ ازالہ کی ہدایت دی اور کہا کہ کسی سے ناانصافی نہیں ہونی چاہئے ۔