کس جمہوریت کی بات کرتے ہو، پارلیمنٹ میںبی جے پی کا ایک بھی مسلم رکن نہیں: گہلوت

   

جئے پور:راجستھان اسمبلی میں جمعرات کے روز وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے گورنر کی تقریر پر جواب دیا اور حکومت کی بات رکھتے ہوئے اپوزیشن کے الزامات پر سخت رد عمل بھی ظاہر کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی لیڈر مرکز کے منصوبوں کے نام پر راجستھان میں عوام کو گمراہ کرتے رہتے ہیں۔ گزشتہ چار سال کی ہماری حکومت کی حصولیابیاں تاریخ میں درج ہو گئی ہیں۔‘‘اپنی تقریر کے دوران وزیر اعلیٰ گہلوت نے بی جے پی کی ’جن آکروش ریلی‘ پر شدید حملہ کیا اور کہا کہ ’’اس ریلی میں ’جن‘ اور آکروش‘ دونوں ہی نہیں دکھائیے دیے۔ بی جے پی لیڈر گلاب چند کٹاریا کی تقریر کے جواب انھوں نے کہا کہ ’’آپ نےآج کہا کہ مرکزی حکومت سب کو ساتھ لے کر چل رہی ہے، اس سے بڑا جھوٹ ہو نہیں سکتا۔‘‘ گہلوت نے مزید کہا کہ کس جمہوریت کی بات کرتے ہو‘ لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں بی جے پی سے ایک بھی مسلم رکن پارلیمنٹ نہیں ہے، آپ کس بنیاد پر سب کو ساتھ لے کر چلنے کی بات کرتے ہو۔‘‘