دو افراد ہلاک اور تین زخمی ، مہلوکین کو ایکس گریشیا کا اعلان
حیدرآباد ۔ /18 جنوری (سیاست نیوز) رچہ کونڈہ کے علاقے کاپرا کشائی گوڑہ میں گیاس کے اخراج کے نتیجہ میں ایک سیلنڈر کا دھماکہ ہوا جس میں دو افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے ۔ یہ واقعہ کشائی گوڑہ کے علاقے سائی پریا کالونی میں آج صبح 7.30 بجے پیش آیا ۔ تفصیلات کے بموجب موہن لال جو پیشہ سے سنار ہے پہلی منزل میں مقیم تھا اور آج صبح اس کے مکان میں دھماکہ ہوگیا ۔ اس واقعہ میں موہن لال کی بیوی لیلا اور دو بچے گویند اور نکیتا بھی زخمی ہوگئے ۔ سائی پریہ کالونی سے گزرنے والا ایک نائی روی بھی اس دھماکہ کی زد میں آگیا اور منہدم مکان کا پتھر سر پر لگنے سے وہ برسرموقع ہلاک ہوگیا ۔ مکان میں دھماکے کے نتیجہ میں پہلی منزل کی دیواریں مکمل طور پر اور چھت جزوی طور پر منہدم ہوگئی ۔ دھماکہ کی شدت اتنی تھی کہ گھر کے تمام پکوان کے اشیاء وغیرہ اڑکر آس پاس جاگرے ۔ دھماکہ کے نتیجہ میں موہن لال کے پڑوسیوں کے مکان کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ۔ پولیس کشائی گوڑہ کو اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہونچ گئی اور کلوز ٹیم کو بھی طلب کرلیا گیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس کشائی گوڑہ مسٹر کے شیوکمار نے بتایا کہ اس حادثہ میں مالک مکان موہن لال اور روی جو نائی کی دوکان چلاتا ہے ہلاک ہوگیا ۔ انہوں نے کہا کہ دھماکہ کے بعد مقامی عوام خوفزدہ ہوگئے اور کئی گھنٹوں تک عوام میں خوف برقرار رہا ۔ اس واقعہ کے بعد زخمیوں کو مقامی دواخانہ منتقل کیا گیا جبکہ نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم گاندھی ہاسپٹل کے مردہ خانہ منتقل کیا گیا ۔ میئر حیدرآباد مسٹر بونتو رام موہن اور ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین نے بھی جائے حادثہ کا معائنہ کیا اور متوفی کے افراد خاندان کو دو لاکھ فی کس ایکس گریشیا اور آپدھ بندھو اسکیم کے تحت جملہ 1 لاکھ روپئے کا اعلان کیا ہے ۔ پولیس کشائی گوڑہ نے اس ضمن میں ایک مقدمہ بھی درج کیا ہے ۔