حیدرآباد ۔ 20 ستمبر (سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ کشائی گوڑہ میں پیش آئی قتل کی سنگین واردات میں ایک شخص نے بیوی کا قتل کردیا اور راہ فرار اختیار کرلی۔ کشائی گوڑہ پولیس ذرائع کے مطابق شوہر شنکر کی تلاش جاری ہے جس نے کل رات اپنی رشتہ دار کے مکان میں ورادات کو انجام دیا اور فرار ہوگیا۔ پولیس کے مطابق اس واردات میں 35 منجولہ ہلاک ہوگئی۔ پولیس کے مطابق شنکر کی عمر 40 سال ہے جن کے دو لڑکے اور ایک لڑکی ہے۔ اس خاندان کا تعلق ضلع یادادری کے متکور سے پایا جاتا ہے۔ 20 سال قبل ان کی شادی ہوئی تھی اور شادی کے بعد دونوں روزگار کی تلاش میں ممبئی چلے گئے۔ شادی کے تین سال تک ان کے درمیان تعلقات خوشگوار تھے جس کے بعد مسائل پیدا ہوگئے۔ شوہر کے شک و شبہ کا شکار منجولہ ہراسانی کو برداشت کرتی رہی۔ کردار پر شک اور ہراسانی کے علاوہ اذیت بھی منجولہ کا مقدر بن گئی تھی۔ ان ہراسانیوں سے تنگ آ کر بالآخر منجولہ نے شنکر سے دور رہنے کا فیصلہ کرلیا اور مہیش نگر کشائی گوڑہ میں واقع اپنی بہن رانی کے مکان ایک ہفتہ قبل آگئی۔ شنکر بھی اپنے بچوں کے ساتھ کشائی گوڑہ پہنچ گیا۔ افراد خاندان کی موجودگی میں بات چیت ہوئی اور شنکر نے اپنی غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے افراد خاندان کی موجودگی میں اس کی بیوی کے ساتھ بہتر زندگی گذارنے کا وعدہ کیا اور رات سب سو گئے حالت نیند میں موجود بیوی پر چاقو سے حملہ کرتے ہوئے اس نے اس کا گلہ کاٹ کر قتل کردیا۔ منجولہ کی چیخ و پکار پر افراد خاندان نیند سے جاگے اور انہیں دیکھ کر شنکر فرار ہوگیا۔ پولیس نے شنکر کی تلاش کیلئے خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع