جموں، یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کے پہاڑی ضلع کشتواڑ میں پیر کی صبح ایک مسافر بس کے ایک گہرے نالے میں گرنے سے کم از کم 35 افراد ہلاک جبکہ دیگر 17 زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں میں سے 15 کو ائرلفٹ کرکے گورنمنٹ میڈیکل کالج وہسپتال جموں منتقل کیا گیا ہے ۔ ضلع مجسٹریٹ کشتواڑ انگریز سنگھ رانا کا کہنا ہے کہ یہ ہلاکت خیز سڑک حادثہ ظاہری طور پر ڈرائیور کی غفلت شعاری کی وجہ سے پیش آیا ہے کیونکہ جہاں پر گاڑی نالے میں گری ہے وہاں سڑک خراب ہے نہ کوئی موڑ ہے ۔ ریاستی گورنر ستیہ پال ملک نے حادثے پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے پسماندگان کو فی کس پانچ لاکھ روپئے ایکس گریشیا ادا کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع کشتواڑ میں کیشون سے ضلع ہیڈکوارٹر کشتواڑ جارہی ایک منی بس زیر نمبر JK 17 [؟] 6787 سرگواری کے مقام پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر ایک گہرے نالے میں جاگری جس کے نتیجے میں کم از کم 35 افراد ہلاک جبکہ دیگر 17 زخمی ہوئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ حادثہ پیش آنے کے فوراً بعد مقامی لوگ، پولیس اور دیگر محکموں کے عہدیدار و اہلکار جائے حادثہ پر پہنچے اور بچائو کارروائی شروع کی۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج ومعالجہ کے لئے ضلع ہسپتال کشتواڑ منتقل کیا گیا جہاں سے بعد ازاں 15 زخمیوں کو ائرلفٹ کرکے جموں منتقل کیا گیا۔ ایک رپورٹ کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی منی بس میں گنجائش سے زیادہ افراد سوار تھے ۔ ضلع مجسٹریٹ کشتواڑ انگریز سنگھ رانا نے بتایا: ‘ایک منی بس جو کیشون سے کشتواڑ آرہی تھی، کو سرگواری کے مقام پر حادثہ پیش آیا۔ اس میں کم از کم 34 افراد ہلاک جبکہ 21 دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ شدید زخمیوں کو جموں منتقل کیا جارہا ہے ‘۔ ان کا مزید کہنا تھا: ‘میں نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔ وہاں پر سڑک بالکل ٹھیک ہے ۔ کوئی گڑھے نہیں ہیں، کوئی موڑ بھی نہیں ہے ۔ لگتا ہے کہ یہ حادثہ ڈرائیور کی لاپرواہی سے پیش آیا ہے ‘۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا: ‘یہ منی بس کیشون سے کشتواڑ آرہی تھی کہ سرگواری نالہ کے مقام پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر سو سے ڈیڑھ سو میٹر گہرے نالے میں گر گئی’۔ کشتواڑ میں یہ ہلاکت خیز سڑک حادثہ مغل روڑ حادثے کے محض چار روز بعد پیش آیا ہے ۔ بتادیں کہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں پیر کی گلی علاقے میں تاریخی مغل روڑ پر 27 جون کو پیش آئے ایک دلخراش سڑک حادثے میں کم از کم 11 افراد بشمول 9 طالبات از جان جبکہ دیگر 7 زخمی ہوئے۔