کشتی حادثہ : گورنر موصل کو برخاست کردینے کی تجویز

   

موصل۔ 23 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے پارلیمان سے درخواست کی ہے کہ وہ نینیوا صوبے کے گورنر نوافل حمادی السطان کو برطرف کر دیں۔ مقامی گورنر کی برطرفی کی یہ درخواست ایک دریا میں کشتی کی غرقابی کے ایک واقعے کے تناظر میں کی گئی ہے، جس میں 90 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ’اسلامک اسٹیٹ‘ سے آزادی کے بعد دریائے دجلہ میں اس انداز کا یہ سب سے بھیانک واقعہ ہے۔ شاید اسی لئے حکومت پر تادیبی کارروائی کیلئے زبردست دباؤ ہے۔ عراقی وزیراعظم کے مطابق اس طرز کے واقعات کے سدباب کی بجائے عوامی سرمایے کا غلط استعمال اور گورنر کی جانب سے اپنی ذمہ داریوں سے غفلت کی بنا پر انہیں عہدے سے الگ کر دیا جانا چاہیے۔