سری نگر،18 نومبر(یو این آئی) پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر اس وقت نہایت پریشان کن اور خوفناک حالات سے دوچار ہے ، جبکہ آنے والا وقت بھی خطے کے لیے مزید تشویشناک نظر آ رہا ہے ۔ انہوں نے دہلی دھماکے اور نوگام پولیس اسٹیشن حادثے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے الزام لگایا کہ بعض افراد کی غلطیوں کی سزا بے گناہ کشمیریوں کو نہیں ملنی چاہئے ۔ سابق وزیر اعلیٰ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دہلی میں ہوئے دھماکے کے مجرموں کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہئے ، تاہم اس واقعے کا بہانہ بنا کر عام کشمیریوں کو ہراساں کرنا سراسر ناانصافی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کسی نے دہلی جا کر غلطی کی لیکن جموں و کشمیر کے لوگوں کو اس کی سزا نہیں ملنی چاہئے ۔ مجرموں کی شناخت کرکے انہیں قانون کے تحت جواب دہ بنایا جائے ۔ محبوبہ مفتی نے نوگام پولیس اسٹیشن میں پیش آئے حادثے کو سنگین سکیورٹی اور انتظامی غفلت قرار دیتے ہوئے اس کی فوری اور آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔