کشمیر:سری نگر میں کورونا وائرس کے مزید دو مثبت کیس

   

سری نگر، 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں کورونا وائرس کے مزید دو مثبت کیس سامنے آئے ہیں جس کے ساتھ ہی شہر میں کورونا وائرس کے مصدقہ اور مثبت کیسز کی تعداد بڑھ کر تین ہوگئی ہے جبکہ پورے جموں وکشمیر میں اب کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 6 تک پہنچ گئی ہے ۔حکومت کے ترجمان روہت کنسل نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ‘سری نگر میں کورونا وائرس کے مزید دو مثبت کیس سامنے آئے ہیں۔ ایک کے بارے میں تصدیق ہوئی ہے کہ وہ بیرون ملک سے لوٹا ہے ۔ دوسرے کیس کے متعلق تفصیلات اکٹھا کی جارہی ہیں’۔ضلع مجسٹریٹ سری نگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا: ‘سری نگر اپڈیٹ۔ مزید دو مثبت کیس سامنے آئے ہیں۔ ایس او پی کے تحت ٹیمیں زمینی سطح پر سرگرم ہیں۔ ہمیں الرٹ رہنے کے ساتھ ساتھ انتظامیہ کو تعاون بھی فراہم کرنا چاہیے ‘۔دریں اثنا دنیا کو دہشت زدہ کرنے والے کوروانا وائرس کے پھیلائو کی روک تھام کو یقینی بنانے کے پیش نظر کشمیر میں منگل کے روز بھی مکمل لاک ڈائون کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث وادی کے طول و عرض میں معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے ۔