کشمیر:غیر یقینی صورتحال کے درمیان 10ویںکے امتحانات شروع

,

   

سرینگر۔29 اکٹوبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) وادی کشمیر میں قریب تین ماہ سے جاری غیر یقینی صورتحال کے بیچ منگل کے روز جموں کشمیر سٹیٹ بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کی طرف سے دسویں جماعت کے امتحانات شروع ہوئے ۔ تاہم سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ کی عدم موجودگی کی وجہ سے بیشتر طلباء کو اپنے امتحانی مراکز تک پیدل سفر کرنا پڑا۔ وادی میں بورڈ امتحانات ایک ایسے وقت شروع ہوئے ہیں جب یورپی پارلیمان کا ایک وفد کشمیر کے دو روزہ دورے پر ہے ۔ مذکورہ وفد نے پیر کے روز نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ذرائع نے بتایا کہ وادی میں قریب 60 ہزار طلبا دسویں جماعت کے امتحانات میں حصہ لے رہے ہیں جن کیلئے قریب چار ہزار امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کئی حساس علاقوں میں امتحانی مراکز کو محفوظ جگہوں پر منتقل کیا گیا ہے ۔بتادیں کہ وادی میں 5 اگست سے تعلیمی اداروں میں تدریسی سرگرمیاں معطل ہیں اگرچہ انتظامیہ نے کئی بار تعلیمی ادارے کھولنے کے اعلانات کئے لیکن درس وتدریس کا سلسلہ بحال نہیں ہوسکا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وادی میں منگل کے روز بورڑ آف اسکول ایجوکیشن کی طرف سے لئے جانے والے دسویں جماعت کے امتحانات حسب پروگرام شروع ہوئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ محکمہ نے امتحانات کے احسن انعقاد کے لئے تمام ضروری تیاریوں کو حتمی شکل دی تھی۔

کانگریس اور بی جے پی پر اعتبار نہیں رہا:دیوے گوڑا
نئی دہلی ۔29 اکٹوبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) صدر جنتادل (سیکولر) ایچ ڈی دیوے گوڑا نے کرناٹک میں 5 ڈسمبر کے ضمنی چناؤ کیلئے کانگریس یا بی جے پی کسی کے بھی ساتھ انتخابی اتحاد کے امکان کو خارج کرتے ہوئے دونوں قومی پارٹیوں کو بے بھروسہ قرار دیا اور کہاکہ اُن کے اوصاف یکساں ہیں۔ منگل کو نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو انٹرویو میں سابق وزیراعظم نے کہاکہ جے ڈی (ایس ) یہ چناؤ تنہا لڑے گی اور کانگریس و بی جے پی سے یقینا مساوی فاصلہ برقرار رکھے گی ۔ کرناٹک اسمبلی میں 15 نشستیں مخلوعہ ہیں ۔