نئی دہلی: حکومت نے کہا کہ جموں و کشمیر میں اور ملک میں پہلی بارلیتھیم کے ذخائر دریافت کئے گئے ہیں۔ لیتھیم ایک دھات ہے اور ای وی بیٹریوں کے اہم اجزاء میں سے ایک ہے۔ مائنز سکریٹری وویک بھاردواج نے کہا کہ پہلی بار لیتھیم کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں اور وہ بھی جموں و کشمیر میں۔ جیولوجیکل سروے آف انڈیا (جی ایس آئی) کی تلاش کے دوران، جموں و کشمیر کے ریاسی ضلع میں لیتھیم کے ذخائر ملے ہیں۔اس سے قبل، مائنز کی وزارت نے کہا تھا کہ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کیلئے اہم معدنی سپلائی چین کو مضبوط بنانے کیلئے، حکومت آسٹریلیا اور ارجنٹائن سے لیتھیم سمیت معدنیات کو محفوظ بنانے کیلئے کئی فعال اقدامات کر رہی ہے۔ فی الحال، ہندوستانلیتھیم ، نکل اور کوبالٹ جیسی کئی معدنیات کیلئے درآمد پر منحصر ہے۔ 62ویں سنٹرل جیولوجیکل پروگرامنگ بورڈ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے بھاردواج نے یہ بھی کہا کہ چاہے وہ موبائل فون ہو یا سولر پینل، ہر جگہ اس اہم معدنیاتی شے کی ضرورت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خود انحصار بننے کیلئے، ملک کیلئے اہم معدنیات کو تلاش کرنا اور اس پر کاروائی کرنا بہت ضروری ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر سونے کی درآمد کو کم کیا جاتا ہے، تو ہم خود انحصار بن جائیں گے۔ اب واضح ہوچکا ہے کہ جموں و کشمیر میں معدنی دولت سے مالا مال، قیمتی اور اہم دھاتی لیتھیم کے ذخائر پائے گئے ہیں۔ یہ ملک میں لیتھیم کے ذخائر کی پہلی جگہ ہے، جس کی شناخت جیولوجیکل سروے آف انڈیا (جی ایس آئی) نے ضلع ریاسی میں کی ہے۔ الیکٹرک گاڑیوں اور موبائل فون جیسے آلات کی بیٹریوں میں استعمال ہونے والا لیتھیم آسٹریلیا اور ارجنٹائن سے درآمد کیا جاتا ہے۔ضلع ریاسی میں لیتھیم کے ذخائر کے استحصال سے درآمدات پر ملک کا انحصار کم ہو جائے گا۔