کشمیرمیں حادثہ، تلنگانہ کے جوان کی موت، نعش منتقلی کے اقدامات

   

حیدرآباد۔ 12اگست (یو این آئی)تلنگانہ کے ضلع کھمم سے تعلق رکھنے والا ایک فوجی جوان وادی کشمیر میں حادثہ کا شکار ہو کر ہلاک ہو گیا۔ 23 ویں مراٹھا لائٹ انفنٹری کا سپاہی بانوَت انیل کمار (30) پیر کی صبح گشتی ڈیوٹی پر آرمی گاڑی میں جا رہاتھا کہ یہ حادثہ پیش آیا۔ جوان کی نعش منگل کے روز آندھرا پردیش کے وجئے واڑہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے کی توقع ہے ، جہاں سے اسے کھمم ضلع کے سنگارینی منڈل کے پیروپلی گرام پنچایت کے سوریا تانڈا گاؤں لے جایا جائے گا۔ نعش کی منتقلی کے بعد تانڈا میں فوجی اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔ جوان کی موت کی خبر سے پورے گاؤں میں سوگ کی فضا چھا گئی۔ مقامی سیاسی قائدین نے مہلوک جوان کے ارکان خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔