سری نگر۔ عید الاضحیٰ کے پیش نظر جہاں وادی کے بازاروں میں امسال بھی روایتی گہماگہمی مفقود ہی ہے وہیں قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے سلسلے کی رفتار بھی سست ہی ہے ۔شہر کے مختلف علاقوں خاص کر عید گاہ میں اگرچہ کافی تعداد میں قربانی کے جانوروں کے جھنڈ موجود ہیں لیکن خریدار کم ہی نظر آ رہے ہیں۔ فیاض احمد نامی ایک شہری نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ کورونا وبا سے لوگ اقتصادی بد حالی کے شکار ہوئے ہیں اور دوسری طرف مہنگائی بھی ہے جس کی وجہ سے بازاروں میں بھی روایتی گہما گہمی دیکھنے کو نہیں مل رہی ہے اور قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت بھی کم ہی نظر آ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا مہنگائی بھی آسمان پر ہے ہر چیز کی قیمت دوگنی ہو گئی ہے اشیائے خورد و نوش اور کپڑے خریدنا ہر انسان کے بس کی بات نہیں رہ گئی ہے ۔ موصوف شہری نے کہا کہ جانوروں کی قیمتیں بھی مختص نہیں ہیں کہیں منہ مانگی رقم پر جانور فروخت کئے جا رہے ہیں تو کہیں ریٹ میں اختلاف ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت بھی ریٹ کو قابو میں رکھنے کیلئے کوئی عملی اقدام نہیں کر رہی ہے ۔