سری نگر15مئی (سیاست ڈاٹ کام ) کورونا لاک ڈاؤن کے پیش نظر جہاں وادی کشمیر میں تمام تر معمولات زندگی مفلوج ہیں وہیں جمعہ کے روز حضرت علی (ع) کے یوم شہادت کے موقع پر ہونے والی مجالس و اجتماعات بھی کلی طور پر معطل رہے ۔جہاں شیعہ آبادی والے علاقوں جیسے جڈی بل سری نگر اور وسطی ضلع بڈگام وغیرہ میں اس مقدس موقع کی مناسبت سے دن بھر ہونے والی مرثیہ خوانی معطل رہی وہیں لوگوں نے اجتماعی شب خوانی سے بھی اجتناب کیا تاہم لوگوں نے گھروں میں ہی رات بھر مخلتف عبادات و قرآن خوانی میں بسر کی۔ امام بارگاہ کے میناروں سے موذن کی اذان کے سوا کسی قسم کی آہ وفغان بلند نہیں ہوئی۔